ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان).ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان اللہ رکھا انجم نے بوائز ڈگری کالج تونسہ میں ناقص صفائی ، کمپیوٹرلیب فنکشنل نہ ہونے او رپرنسپل کی طرف سے سہولیات کی فراہمی کے بارے میں غلط بیانی پر برہمی کا اظہار کیااور دو ہفتے کے اندر تمام معاملات ٹھیک کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں. ڈپٹی کمشنر نے لیب میں موجود کمپیوٹر خود چلانے کی کوشش کی تاہم کمپیوٹر آن نہ ہو سکا جس پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا . آر ایچ سی شادن لنڈ کے معاملات کی بہتری کیلئے سی ای او ڈاکٹر منورعباس کو ٹاسک دے دیا. ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم نے تحصیل تونسہ کے تعلیمی اداروں ، مراکز صحت ، اراضی سنٹر سمیت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا . واٹر سپلائی سکیم تونسہ کی کھدائی کر کے پائپ کا معیار اور لیول چیک کیا . ڈپٹی کمشنر نے تحصیل صدر ہسپتال تونسہ اور ٹراما سنٹر کا بھی اچانک معائنہ کیا. مختلف شعبوں کا جائزہ لیتے ہوئے زیرعلاج مریضو ں سے فراہم سہولیات کے بارے میں استفسار کیا . حاضری اور ادویات کا ریکارڈ چیک کیا. ڈپٹی کمشنر نے سوری لنڈ رودکوہی چینل کا بھی جائزہ لیا.چینل کی صفائی سمیت دیگر حفاظتی تدابیر کے بارے میں احکامات جاری کیے. اراضی سنٹر تونسہ کے معائنہ کے دوران کاشتکاروں اور سائلین سے سائل بھی دریافت کیے . ڈپٹی کمشنر نے کلمہ چوک تونسہ کی توسیع کے احکامات بھی جاری کیے. ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم نے رکن قومی اسمبلی سردار امجد فاروق خان کھوسہ کے ہمراہ مختلف ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا ڈپٹی کمشنر نے تحصیل صدر ہسپتال سمیت مراکز صحت اور تعلیمی اداروں میں شعبوں کی رہنمائی کیلئے سائن بورڈ نصب کرنے کے بھی احکامات جاری کیے . ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کا بھی دورہ کیا. اساتذہ اور طالبات سے گفتگو کی . ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں مردم شماری ، فلڈ ، پولیو اور دیگر امو رکی نگرانی کیلئے کنٹرول روم فعال کرنے کی ہدایات جاری کیں . اس موقع پر اے سی تونسہ عبدالغفار ،سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر منور عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ سہیل روف ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر خلیل احمد سمیت دیگر متعلقہ افسران ہمراہ تھے .