ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان).کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد یثرب نے کہا ہے کہ سرکاری مراکز صحت میں ڈاکٹرز او رپیرا میڈیکل سٹاف کی بروقت حاضری کو یقینی بنایا جائے. غریب عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی . مراکز صحت میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے. انہوں نے یہ بات ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان کے معائنہ کے دوران گزشتہ روز بات چیت کرتے ہوئے کہی . اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر منورعباس ، ای ڈی او فنانس سرفراز مگسی ، ایم ایس ڈاکٹر موسی کلیم ، ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر خالد تحسین ، اے پی ایم او ڈاکٹر حامد حیات سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے . کمشنر محمد یثرب نے کہاکہ ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان میں صوبہ بلوچستان اورسندھ سے بھی مریض آتے ہیں غریب عوام کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے . ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف مریضوں او رلواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں . وارڈز کے بستروں کی چادریں بروقت تبدیل ہونی چاہئیں . واش روم میں صابن تولیہ سمیت دیگر ضروریات کی موجودگی کو یقینی بنایاجائے . وارڈز میں زیر علاج مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیئے. کمشنر محمدیثرب نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق مراکز صحت کے اچانک معائنہ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا. فرائض میں غفلت و کوتاہی برتنے والے ملازمین کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی. کمشنر محمد یثرب نے ہسپتال کے مختلف وارڈ ز اور شعبوں کا معائنہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں