ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان).ضلعی چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمشن و ایم پی اے سید عبدالعلیم شاہ نے کہا ہے کہ افسران بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں ، رشتہ داروں اوران کے نمائندوں کی طرف سے فورم کو دی گئی درخواستوں کا جلد از جلد فیصلہ کریں . انہوں نے یہ بات ڈی سی او ڈیرہ غازیخان کے کمیٹی روم میں اس سلسلے میں ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی . اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبدالشکور ، اسسٹنٹ کمشنر صدر اصغر مجید بلوچ کے علاوہ محکمہ ریونیو ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی. سید عبدالعلیم شاہ نے کہاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے اس فورم کی تشکیل کا مقصد بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانی بھائیوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بناناہے. اس حوالے سے حکومت پنجاب تارکین وطن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے . انہوں نے کہاکہ متعلقہ محکموں کے افسران اوورسیز پاکستانیوں کے معاملات کو حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لیں اور بھیجی گئی درخواستوں پر میرٹ پر فیصلے کریں . اجلاس میں سعودی عرب ، دبئی ، کویت ، مسقط ، یوکے اور خلیجی ممالک میں کام کرنے والے 17 پاکستانیوں کی طرف سے درخواستیں پیش کی گئیں اورفریقین کا موقف سنا گیا. ان میں سے04افراد محمد نعیم ولد اللہ بخش ، عبدالکریم ولد پیارا خان ، زاہد علیم ولد ناصر فرید اور مسعوداحمد ولد چودھری کرم داد کی درخواستوں کا فیصلہ کیا گیا جبکہ باقی 13درخواستوں پر میرٹ پر فیصلہ کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ضروری احکامات جاری کیے گئے