ڈیرہ غازیخان(صبح پاکستان).وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سرکاری و نجی ایمبولینسز ریسکیو 1122کے سپرد کر دی جائیں گی . یکم فروری کے بعدریسکیو 1122سے رجسٹریشن نہ کرانے والی نجی ایمبولینسز کی ضبطگی کیلئے پولیس کارروائی شروع کر دے گی . یہ بات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے مرکزی سٹیشن چوک چورہٹہ پر ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراما سنٹر اور ایمرجنسی وارڈ کے علاوہ تحصیل صدر ہسپتال اور دیگر مراکز صحت کے سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی . انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ایمبولینسز کا تمام ریکارڈ ریسکیو 1122کے پاس ہو گا . گاڑیوں کی دیکھ بھال ، ایندھن کے اخراجات سمیت ڈرائیور کی حاضری 1122کے ذمہ ہو گی . یکم فروری سے ایمبولینسز صرف تشویشناک حالت میں مریضوں کی ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال میں منتقلی کیلئے استعمال ہوں گی اور اس کیلئے متعلقہ شعبے کا سربراہ ریسکیو 1122کو درخواست کرے گا جس کیلئے ایک علیحدہ فون نمبر مخصوص کیا جائے گا. ہسپتال میں علاج کی سہولت موجود ہونے کے باوجود مریض ریفر کرنے پر متعلقہ سربراہ کے خلاف کاررائی عمل میں لائی جاسکتی ہے . ڈاکٹر ناطق حیات نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ایمبولینسز کا غلط استعمال روکنے کیلئے گاڑیوں پر ٹریکنگ سسٹم نصب کیا جائے گا اور ضلع کے علاوہ صوبائی سطح پر ایمبولینسز کی نقل و حرکت کو مانیٹر کیا جاسکے گا . ڈاکٹرناطق حیات نے کہاکہ ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال تک پہنچنے کیلئے 30منٹ کا اوسط وقت مقر ر کیاگیاہے جس پر عملدرآمد کرایا جائے گا. انہوں نے بتایاکہ اب تک ٹیچنگ ہسپتال سمیت ضلع ڈیرہ غازیخان سے 20ایمبولینسز کے علاوہ چار نجی ایمبولینسز کی رجسٹریشن کی گئی ہے . یکم فروری کے بعد تمام ایمبولینسز ڈیرہ غازیخان، تونسہ اور کوٹ چھٹہ کے ریسکیو سٹیشنز پر پارک ہوں گی . ڈاکٹر ناطق حیات نے کہاکہ طبی سہولیات سنٹرنہ ہونے اور دور دراز علاقوں میں ریسکیو کی طرف سے تربیت یافتہ محافظوں کے ذریعے کمیونٹی کو کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے تربیت دی جائے گی. اس موقع پر ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں ، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ؍ ڈائریکٹر ٹراما سنٹر ڈاکٹر خالد تحسین ، ڈی ایم ایس ؍ انچارج ایمرجنسی وارڈ ڈاکٹر محمد قاسم ملک ، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد اختر بھٹہ ، عالمگیر ، حسنین رضا سمیت دیگر ریسکیورز اور ضلع بھر کے مراکز صحت کے سربراہان موجود تھے .