لیہ(صبح پا کستان) ضلع لیہ میں ڈاکٹری نسخہ کے بغیر ادویات کی فروخت ،غیر رجسٹرڈ ادویات کی فروخت کے تدارک اور عطائیت کے خاتمے کے لیے مہم کو مزید بہتر طور پر جاری رکھا جائے ۔یہ بات ڈی ڈی او ایچ آر ایم حافظ محمد سلیمان نے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں ای ڈی او صحت ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلع بھر سے ادوایات کے 507سمپل حاصل کرکے تجزیہ کے لیے لیبارٹری بجھوائے جاچکے ہیں جن میں سات سمپل ناقص ثابت ہونے پر چالان مرتب کیے گئے ہیں اور عطائیت کے خاتمے کے لیے بھی مہم جاری ہے جس کے تحت 63چالانوں کا فیصلہ ہوچکاہے ۔ڈی ڈی او ایچ آر ایم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضر صحت قوت بخش ادوایات کی تیاری و فروخت پر ممانعت پر عمل درآمدکو یقینی بنایا جائے اور بغیر رجسٹریشن کسی قسم کے کلینک و دواساز کارخانوں کو سیل کردیاجائے اور کنٹرولڈ ڈرگ کا رریکارڈ چیک کیاجائے اوربغیر ڈاکٹری نسخہ کے ادوات فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں ڈرگ انسپکٹرز نے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔