ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈیوٹی ڈاکٹر کی غیر حاضری ،7 بچوں کے باپ نے تڑپ تڑپ کر جان دیدی ، لواحقین کا ایمرجنسی میں شدید احتجاج
لیہ (صبح پا کستان)ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈیوٹی ڈاکٹر کی غیر حاضری ،7 بچوں کے باپ نے تڑپ تڑپ کر جان دیدی ، لواحقین کا ایمرجنسی میں شدید احتجاج ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ و ڈی ایس پی سمیت پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی ، تحقیقات کی یقین دہانی ، ڈسٹرکٹ فزیشن انکوائری آفیسر مقرر ، تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہسپتال لیہ میں ڈیوٹی ڈاکٹر کی غیر حاضری کے باعث 7 بچوں کے چالیس سالہ باپ نے تڑپ تڑپ کر جان دیدی ، ڈاکٹر کی مبینہ غفلت اور غیر حاضری پر متوفی کے لواحقین نے ڈسٹرکٹ ہسپتال ایمرجنسی میں شدید احتجاج کیا اور ڈاکٹر کی گرفتاری تک میت اٹھانے سے انکار کردیا ۔ ہنگامہ آرائی پر ہسپتال انتظامیہ کو پولیس طلب کرنا پڑی جس پر ڈی ایس پی صدر سرکل سعادت چوہان ، ایس ایچ او سٹی انسپکٹر فرحت رسول اور دیگر پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام مصطفی گیلانی بھی ایمرجنسی میں پہنچے جہاں ابتدائی تحقیقات کا آغاز کیا گیا ۔ متوفی محمد صفدر کھیتی باڑی کے شعبے سے منسلک تھا جو چک نمبر 407 ٹی ڈی اے کے رہائشی غلام حسین چکوال کا بیٹا تھا ۔ متوفی کے بھائی مظہر حسین کی جانب سے ای ڈی او صحت کے نام لکھی گئی درخواست میں ڈاکٹر کی غفلت اور غیر حاضری کو بنیاد بناتے ہوئے انکوائری اور کارروائی کا مطالبہ کیا گیا جس پر ایم ایس ڈاکٹر مصطفی گیلانی نے متوفی کے لواحقین کو واقعہ کی غیر جانبدرانہ تحقیقات کرنیکی یقین دہانی کرائی اور ڈسٹرکٹ فزیشن ڈاکٹر ظفر اقبال ملغانی کو انکوائری آفیسر مقرر کیا بعد ازاں ڈی ایس پی صدر اور ایم ایس کی جانب سے یقین دہانی پر لواحقین نے احتجاج ختم کیا ۔ نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے متوفی کے بھائی مظہر حسین نے واقعہ کو ہسپتال انتظامیہ کی لاپرواہی اور ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کی وجہ قرار دیا اور بتایا کہ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک ان کا مریض ہسپتال کی ایمرجنسی میں پڑا تڑپتا رہا جس کے علاج معالجے کیلئے کوئی ڈاکٹر موجود نہ تھا ۔ ڈاکٹر مصطفی گیلانی نے دعویٰ کیا کہ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر محمد عمران نے مریض کو اٹینڈ کیا اور اسے ادویات فراہم کیں تاہم متوفی کی موت کی وجوہات اور بیماری کی ٹریٹمنٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وہ تسلی بخش جواب دینے سے قاصر رہے ۔