چوک اعظم(صبح پا کستان) اردو سُخن کے زیر اہتمام ’’پہلی اردو سُخن کانفرنس ‘‘8جنوری کو گرلز کالج کے آڈیٹوریم میں منعقد ہو گی ۔دن 10بجے سے لیکر سہہ پہر تک دو کتابوں کی رونمائی ،ایوارڈ کی تقسیم ،ادبِ اطفال کے حوالے سے مقالہ جات ،مشاعری کی تقریبات منعقد ہوں گی ۔کتاب میلہ بھی سجایا جائے گا ۔آرگنائزر ناصر ملک اور ندیم اختر کی میڈیا سے گفتگو ۔تفصیل کے مطابق اردو سُخن پاکستان کے زیر اہتمام ’’پہلی اردو سُخن کانفرنس‘‘8جنوری بروز اتوارکوگورنمنٹ گرلز کالج چوک اعظم کے آڈیٹوریم میں منعقد ہو گی ،کانفرنس کے آرگنائزرز معروف ادیب ناصر ملک اور ندیم اختر نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کے روز دن دس بجے تقریب کا آغاز ہو گا ،مقامی یونین کونسل گولے والا اڈہ کے چیئرمین مرتضیٰ علوی خصوصی شرکت کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ تقریب کے چار سیشن ہوں گے ۔پہلے سیشن میں تلاوت ،نعت اور خطبہ استقبالیہ ہو گا ۔دوسرے سیشن میں معروف صحافی اور شاعر ملک صابر عطاء تھہیم کی مضامین و انٹر ویوز پر مبنی کتاب ’’ملاقاتیں اور باتیں ‘‘اور معروف شاعر جبار واصف کے شعری مجموعے ’’میری آنکھوں میں کتنا پانی ہے ‘‘کی رونمائی کی جائے گی اس سیشن کی صدارت نامور افسانہ نگار و ادیب محمد حامد سراج کریں گے۔اعتبار ساجد ،ڈاکٹر اشو لال مہمانِ خصوصی،جبکہ رضی الدین رضی اور طارق گوجر مہمان اعزاز ہوں گے ۔ان کتابوں پر ڈاکٹر مزمل حسین ،ڈاکٹر پروفیسر حمید الفت ملغانی ،تنویر شاہد محمد زئی ،پروفیسر منور خان بلوچ مقالہ جات پیش کریں گے ۔تیسرء سیشن میں نامور ادیب امجد جاوید کو بدست امین شاد اردوسخن ایوارڈ 2012ء دیا جائے گا ۔محمد حامد سراج اردو ادب میں نئے رحجانات پر خصوصی مقالہ پیش کریں گے ۔
چوتھا سیشن ’’ادبِ اطفال ،عہدِ نو کی اہم ضرورت ‘‘کے موضوع پر ہو گا ۔جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر مزمل حسین ،کریں گے ،عرفات ظہور ،عبداللہ نظامی ،عبدالماجد مالک ،سلیم فواد کندی مہمانان ہون گے ۔جبکہ خواجہ مظہر نواز صدیقی اور محمد ندیم اختر مقالہ پیش کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ آخر میں محفل مشاعرہ منعقد ہو گی جس کی صدارت اعتبار ساجد کریں گے مشاعرہ میں اشولال ،رضی الدین رضی ،مظہر نیازی ،توقیر عباس ،شاہد بخاری ،افتخار شاہد ،افضل چوہان ،جبار واصف ،شبیر بلو،صابر بھریوں ،خالد ندیم شانی ،اقبال حسین ،ریاض راہی ،عمار یسر مگسی ،سمیت مقامی شعراء بھی اپنا پنا کلام پیش کریں گے ۔
انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس میں اردو سخن پاکستان کے زیر اہتمام شائع ہونے والی شعری ،تحقیقی ،اور نثری کتابوں ،ناولوں کے سٹال بھی لگائے جائیں گے اور خصوصی رعائیت پر فروخت کیے جائیں گے ۔