چوک اعظم ( صبح پا کستان) جماعت اہلسنت کے مرکزی رہنما علامہ مفتی عبدالمجید سعیدی نے دینی درسگاہ جامعہ غوثیہ رضویہ کے سالانہ جلسہ دستار فضیلت سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ توہین رسالت قانون میں ترمیم کی تمام سازشیں ناکام بنانے کیلئے علماء و مشائخ کی قیادت میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔جانیں تو کٹوادیں گے لیکن آپ ؐ کی عزت ونامو س پر آنچ نہیں آنے دیں گے صدارت امیر اہلسنت حضرت خواجہ محمد حسن باروی سجادہ نشین دربار پیر باروشریف نے کی ۔علامہ مفتی عبدالمجید سعید ی نے کہا کہ دینی مدار س اسلام کے قلعے ہیں اور دور حاضر میں مدارس کے قیام اور انہیں آباد کرنے کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔انہوں نے کہا پاکستان بزرگان دین کی کوششوں سے معرض وجود میں آیا تھا اور اب پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کیلئے اسلام و ملک دشمن قوتیں سرگرم عمل ہیں ۔ان کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملانے اور دہشت گردی کے واقعات کو روکنے کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے ۔ایک قرار داد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسے دینی مدارس جو دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہیں ان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے آخر میں حضرت خواجہ محمد حسن باروی نے15 فارغ التحصیل علماء کرام اور 35حفاظ کرام کی دستار بندی کرائی ۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض مولانا شاہد رضا نے انجام دیے ۔