چوک اعظم(صبح پا کستان) شمشاد سرائی کی تحریریں ماں دھرتی اور اہلِ بیت سے محبت کی عکاس ہیں ۔وہ ماں دھرتی کو ادبی ،ثقافتی اور انسانی قدروں کی خوشبو سے معطر کرنا چاہتے ہیں ۔ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر اقدامات برائے قدرتی آفات مہر اعجاز احمد اچلانہ نامورشاعر شمشاد سرائی کی کتاب ’’حرف حرف خوشبو‘‘کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب کا اہتمام بزمِ فروغِ ادب و ثقافت لیہ نے ایم سی ہائی سکول کے ہال میں کیا ۔مہر اعجاز اچلانہ نے کہا کہ تھل کے لکھاری سب زبانوں میں عالمی سطح کا ادب تخلیق کر رہے ہیں ۔ان کیلیے حکومت نے ہمیشہ ہی ایسے موقع فراہم کیے ہیں جہاں تخلیق کار اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے ادبی ثقافتی اور اخلاقی قدروں کو فروغ دے رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے رائیٹر ز ویلفئیر فنڈز ،آرٹسٹ خدمت کارڈ کا اجراء کرکے باصلاحیت لکھاریوں اور فنکاروں کی حوصلہ افزائی کا شاندار قدم اٹھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لیہ میں جولائی سے قبل چار ایکڑ پر مشتمل بہادر لائبریری کمپلیکس کا قیام عمل میں لایا جائے گا یہ منصوبہ قائد اعظم لائبریری کمپلیکس کے بعد بڑا منصوبہ ہوگا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ لیہ میں شعراء ،ادباء اور صحافیوں کے لیے رائیٹٹرز کالونی دی جائے گی اور اس کیلیے سب لکھاری مشترکہ طور پر لائحہ عمل ترتیب دے لیں ۔
تقریب سے پروفیسر مزمل حسین ، پروفیسرگل عباس اعوان ، پروفیسر کرامت بخاری ،سلیم اختر ندیم ،نعمان اشتیاق،طاہر شیرازی اور دیگر نے خطاب کیا ۔
تقریب کے اختتام پر محفلِ مشاعرہ میں منظور بھٹہ ،صابر عطاء تھہیم ،فرخ عدیل عادی ،نعمان اشتیاق ،ڈاکٹر گل عباس اعوان ،جمعہ خان عاصی ،حکیم عبدالقدوس ساجد ،تنویر نجف،عارش گیلانی ،شفقت عابد ،ظفر حسین ظفر ،میاں عارف ،خاد م حسین کھوکھر ،شیخ اقبال ،ذیشان رضاء،محمد عمر،صابر حسین جاذب اور دیگر نے اپنا پنا کلام پیش کیا جب کہ محفلِ موسیقی میں اسلم ساجد،شبیر ملنگی ،فاروق احمد ،قاضی جہانگیر ،قاضی ظفر اقبال نے اپنے فن کا مظا ہرہ کیا ۔