لیہ(صبح پا کستان) جنرل بس اسٹینڈ سہولیات سے خالی، گندگی کے ڈھیر، مسافروں کے کھانے پینے کے لئے قائم ہوٹلوں پر صفائی کے ناقص انتظامات، کنڈیٹر، ڈرائیوروں، مسافروں کے لئے بنائی گئی آرام گاہیں بھی خستہ حالی کا شکار ہو گئیں، انتظامیہ سے بہتری کے لئے کارروائی کا مطالبہ۔
تفصیل کے مطابق لیہ شہر میں بنائے گئے لاری اڈہ پر انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث مسافر، گاڑیوں کا عملہ شدید پریشانی میں مبتلا ہو گیا۔ جنرل بس اسٹینڈ پر ٹی ایم اے اہلکاروں کی لاپرواہی کے باعث جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں جبکہ سیوریج کے پانی کے تالاب بننے سے لاری اڈہ کا ماحول مکمل طور پر آلودہ ہو چکا ہے جس سے آنے جانیوالے مسافروں کو شد ید مسائل کا سامنا ہے۔
جنرل بس اسٹینڈ کے اندر قائم ہوٹلوں پر بھی صفائی کے ناقص انتظامات کے ساتھ ساتھ ہوٹل مالکان کی طرف سے غیر معیاری گھی و دیگر اشیا ء استعمال کرنے سے کھانا کھانے والے مسافرمختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔ لاری اڈہ پر روزانہ ہزاروں کی تعداد میں آنے والے مسافروں کے بیٹھنے کے لئے بنائے گئے ویٹنگ روم بھی خستہ حالی کا شکار ہو چکے ہیں جس سے کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔ جنرل اسٹینڈ پر پینے کے صاف پانی کی بھی سہولت میسر نہیں ہے۔ مسافروں محمد عمر فاروق، اقرار احمد، محمد وقار الحسن شیخ، محمد شہباز علوی، نسیم احمد و دیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ جنرل بس اسٹینڈ پر انتظامیہ توجہ دے کر مسافروں کے لئے سہولیات مہیا کر ے۔