بہاولپور(مانیٹرننگ ڈیسک ) سانحہ احمد پور شرقیہ میں جاں بحق 125 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کردی گئی، تدفین نذیر آباد قبرستان میں ادا کی جائے گی، سیاسی رہنماؤں، مقامی انتظامیہ سمیت ہزاروں افراد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
سماء ٹی وی کے مطابق سانحہ احمد پور شرقیہ میں جاں بحق 125 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ حادثے کے مقام پر ادا کی گئی، جس میں سیاسی رہنماؤں، مقامی انتظامیہ سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی، شہداء کی تدفین نذیر آباد قبرستان میں کی جائے گی۔
نماز جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، شہریوں کو تلاشی کے بعد نماز جنارہ کیلئے گراؤنڈ میں جانے کی اجازت دی جارہی تھی۔
سانحہ احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر حادثے کے بعد پیٹرول بھرنے کے دوران آگ لگنے کے واقعے میں 150 کے قریب افراد جاں بحق اور 100 سے زائد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے کے بعد ٹینکر ڈرائیور اور مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، ڈرائیور نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا جس سے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
source …
https://www.samaa.tv/urdu/pakistan/2017/06/813162/