کوٹ سلطان(صبح پا کستان)دوکانداروں کے خلاف ناجائز جرمانے کرنے پر تاجروں کے احتجاج کے خلا ف درج مقدمہ کے خلاف انجمن تاجران کے عہدیدران ضلعی انتظامیہ پر برس پڑے۔انجمن تاجران کوٹ سلطان کے صدر طارق خان بلوچ جنرل سیکرٹری حافظ آصف رضا کھرل اور دیگر نے انجمن تاجران کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سبزی فروشوں پر پانچ ہزار روپے کے جرمانے عائد کرنے کی ہرگز اجاز ت نہیں دی جائے گی، تاجر ملک کا سرمایہ ہیں ان کو بلاجواز تنگ کرنے اور دباؤ میں ڈال کر چھوٹے تاجروں پر انتظامیہ کے مظالم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر عابد کلیار کی جانب سے سبزی فروشوں، کریانہ مرچنٹ و دیگر چھوٹے دوکانداروں کو ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے پر پانچ ہزار روپے جرمانے اور ان کے ساتھ بدتمیزی، مقدمہ کے اندراج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری دور حکومت ہر شخص اپنے اوپر ہونے والے مظالم کے خلاف بات، احتجاج کرسکتا ہے مگر ان پر مقدمات کا اندراج کرنا سمجھ سے بالا تر ہے، صدر انجمن تاجران محمد طارق بلوچ نے انجمن تاجران کے سینئر نائب صدر ملک محمد اکرم گرواں اور دیگر دکانداروں کے خلاف درج مقدمات فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔یا د رہے کہ گزشتہ روز اے سی لیہ عابد کلیارنے کوٹ سلطان میں دکانداروں کو ہزاروں روپے جرمانے کیے جس پر انجمن تاجران کے عہدیداروں کی طرف سے احتجا ج کیا گیا جس پر انجمن تاجران کے سینئرنائب صدرملک اگرم گرواں سمیت دیگر 20افراد کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے انجمن تاجران کے صدر اورجنرل سیکرٹری نے کہا ہے کہ انجمن تاجران کے عہدیداروں کو غریب محنت کشوں کا ساتھ دینے کی سزاد ی جا رہی جو کہ ضلعی انتظامیہ کی بے حسی کا عملی ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ غریب محنت کشوں کو ہزاروں روپے جرمانہ کر نا انتہائی نا مناس اقدام ہے جس کی ہر موڑ پر مذمت کر تے رہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انجمن تاجران کے خلاف درج بے بنیاد مقدمہ خارج کیا جائے بصورت دیگر ضلعی سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔