ڈیرہ غازی خان: ( صبح پا کستان ) ۔ میونسپل کارپوریشن ڈی جی خان کا پہلاتعارفی اجلاس زیرِ صدارت مئیر شاہد حمید خان چانڈیہ کی صدارت میں میونسپل ہال میں منعقد ہوا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب مئیر کارپوریشن شاہد حمید چانڈیہ نے کہا آج کا دن یقیناًمیرے لئے بہت سے اعتبار سے بے پناہ اہمیت کا حامل ہے کہ بطور میئر کارپوریشن حلف کی پاسداری ، مسلم لیگ (ن) کے قائدین جناب میاں محمد نواز شریف وزیر اعظم پاکستان ،جناب میاں محمد شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب ،جناب حمزہ شہباز شریف رہنما مسلم لیگ (ن) اور میرے لئے نہایت واجب الاحترام گرامیِ قدر میرے بزرگ جناب ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ایم این اسے کا مجھ پر اعتبار اور شہر ڈیرہ غازی خان کی عوام کی خدمت کا بھروسہ یہ تمام وہ عوامل ہیں کہ جو آج میری زندگی میں ایک نئے سنگ میل کا تعین کررہےہیں ۔ اس موقع پر میں آپ سب کو یقین دلانا چاہتا ہوں اپنے پورے دورانیہ میں میئر ڈیرہ غازی خان نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں خادمِ شہرڈیرہ غازی خان بن کر قیادت اور اس شہر کے عوام کی مجھ سے وابسہ توقعات پر پورا اتروں گا انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اپنے پروردگار کی ذات پر کامل یقین ہے کہ وہ میری مدد فرمائے گا اور مجھے توفیق بخشے گا میری اور میری پوری ٹیم کی مشترکہ کاوشوں سے ڈیرہ غازی خان شہر کا شمار جلد ہی پنجاب کے ان شہروں میں کیا جائے گا جہاں کی صفائی، ستھرائی اپنی مثال آپ ہوگی۔ اس مقصد کے حصول کیلئے کارپوریشن ڈیرہ غازی خان کی حدود میں 90 روز کیلئے کلینگ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرتا ہوں۔ شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ،انفراسٹریکچر کی بہتری کیلئے اور کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے ۔کارپوریشن کے تمام شعبہ جات کو فعال اورمؤثر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مئیر کا کہنا تھا اس دن کی مناسبت سے میں نہایت ہی کھلے دل اورکامل خلوص کے ساتھ معزز اپویشن اراکین سمیت معزز ایوان کے تمام دوستوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں تمام اختلافات کوبالائے طاق رکھ کر عوام ڈیرہ غازی خان اور شہر ڈیرہ غازی خان کیلئے ایک ہوجائیں اور مل جل کر عوامی توقعات پر پورا اُتریں کہ جو انہوں نےآپ کو اور مجھے مینڈیٹ کے ذریعے سونپی ہے اجلاس میں ڈپٹی میئر شیخ اسرار احمد ومعزز اراکین شیخ نقیب احمد، ملک فہیم امجد،شیر باز خان بزدار، ناظم الدین بزدار، ملک اے ڈی بھمبانی،حاجی خدا بخش کھوسہ، میاں سلطان محمود ڈاہا، ثمینہ سرور، زاہدہ پروین قریشی،سرمد سلیم کھوجہ، حافظ احمد ، حسن ایڈووکیٹ، محمد اسلم کھلول،ذوالقرنین لاشاری، سید دلاور حسین شاہ، محمد سرور صدیقی، محمد ظفر طاہر، محمد شاہد بغلانی، سید عمران شاہ،شیخ عمران حمید سنامی، سلیم الیاس،طیبہ عزیز،سلمی زہرا، ملک خالد محمودسمیت چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان خالد محمود قمر ودیگر آفیسران نے شرکت کی۔
مئیر کارپوریشن ڈی جی خان کا چارج سنبھالنے کے بعد پہلا حکم نامہ۔میونسپل کارپوریشن ڈی جی خان کے دفاتروں میں تمام تر خط و کتابت کے لئے اردو زبان کے استعمال کو لازمی قرار دیا۔ ہر سطح پر خط و کتابت اور محکمانہ امور سے متعلق تما م تر کاروائی ریکارڈ کا حصہ بنانے کے لئے قومی زبان اردو استعمال کی جائے گی۔نوٹیفیکشن جاری کردیا گیاہے۔