لاہور ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ 6 ہفتے میں نواز شریف کا کوئی علاج نہیں ہوا، علاج سے متعلق کوئی نئی رپورٹ نہیں بھیجی گئی، سابق وزیراعظم سزایافتہ ہیں، عدالت نے علاج کیلئے ریلیف دیا ہے، کس بنیاد پر مزید وقت دیا جائے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نواز شریف کی تصویر پر بہت سے خدشات ہیں، ان کو علاج کیلئے 6 ہفتے کی ضمانت دی گئی، نواز شریف کو دی گئی رعایت 25 دسمبر کو ختم ہوگئی، 27 دسمبر کو نواز شریف کے وکیل نے میڈیکل رپورٹ بھجوائی، رپورٹ کی بنیاد پر میڈیکل بورڈ کا اجلاس طلب کیا گیا، فیصلہ ہوا میڈیکل رپورٹ نامکمل ہے اور کوئی نئی بات نہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا نواز شریف کے معالج کی جانب سے خط لکھا گیا، خط میں نواز شریف کی پرانی بیماریوں کی تفصیلات بتائی گئیں، رپورٹس میں جن بیماریوں کا ذکر ہے ہم پہلے سے جانتے ہیں، تصویر دیکھنے کے بعد ڈاکٹر عدنان کو فون کیا، ان سے پوچھا کیا نواز شریف کا گھومنا ان کے علاج کا حصہ ہے ؟ ہمیں نواز شریف کے علاج سے متعلق کوئی اطلاع نہیں۔