لاہور: متحدہ اپوزیشن کے مال روڈ پر جلسہ کرنے پر شہباز شریف سمیت 58 قومی و صوبائی اسمبلی ارکان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
متحدہ اپوزیشن کی جانب سے گزشتہ روز اجازت نہ ملنے کے باوجود مال روڈ پر جلسہ کیا گیا جس پر پولیس نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، روحیل اصغر، ڈاکٹر اسد اشرف، عظمیٰ بخاری اور دیگر پارٹی کے قائدین سمیت 58 قومی و صوبائی اسمبلی ارکان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، مقدمہ لاہور کے تھانہ سول لائنز میں درج کیا گیا ہے جب کہ مقدمہ میں مزید 1800 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمہ ایس ایچ او سول لائنز کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں ساؤنڈسسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی، سرکاری ملازمین پر تشدد، امن و امان میں خلل ڈالنے اور سڑک بلاک کرنے سمیت دیگر دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مال روڈ پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود اپوزیشن اتحاد نے چئیرنگ کراس پر جلسہ کیا تھا جس سے شہباز شریف نے خطاب کیا تھا۔ اس موقع پر پولیس اہلکاروں اور کارکنوں میں متعدد بار لڑائی جھگڑے بھی ہوئے، پولیس کارکنوں کو روکنے کی رکاوٹیں لگاتی تو کچھ ہی دیر میں رکاوٹیں ہٹادی جاتیں۔