لیہ(صبح پا کستان) عدالتی احکامات کے برعکس میونسپل کمیٹی کے اقدامات، ڈسٹرکٹ پریس کلب کی کنٹین گرانے کی شدید الفاظ میں مذمت، انتظامیہ کے اس ٹارگٹڈ آپریشن پر ضلع بھر کی صحافتی برادری میں تشویش کی لہر، معاملہ کی اعلیٰ سطح پر انکوائری، نقصانات کے ازالے، صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ، غیر قانونی اقداما ت پر بھرپور احتجاج کا عندیہ، صحافیوں کیخلاف انتظامیہ کے رویے ، بداخلاقی ، ظلم برداشت نہیں کی جائیگی، ہر فورم پر دفاع کریں : عبدالرحمن فریدی، رانا خالد شوق، تفصیل کے مطابق گزشتہ روز ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی کی جانب سے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی کے عملہ اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ڈسٹرکٹ پریس کلب پر چڑھائی کر دی اور عدالتی احکامات دکھانے کے باوجود ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی فخر السلام ڈوگر کی جانب سے پریس کلب کی کنٹین کو گرا دیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ پریس کلب کے ساتھ انتظامیہ کے رویے اور ظلم اور اس ٹارگٹڈ آپریشن پر ضلع بھر کی صحافتی برادری میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے ۔ صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب عبدالرحمن فریدی نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کے صریحاً عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی ہے ۔ ڈسٹرکٹ پریس کلب کی کنٹین کے حوالے سے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں کیس زیر سماعت ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے عدالتی پراسس کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کارروائی کر دی گئی ہے جس پر قانونی چارہ جوئی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پریس کلب ضلع بھر کے صحافیوں کا گھر ہے اور اس گھر کی حفاظت ہر صورت کی جائیگی ۔ صدر انجمن صحافیان رانا خالد محمود شوق نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ پریس کلب سمیت ضلع بھر کے صحافیوں کے ساتھ ناروا رویہ کی مذمت کرتے ہیں ۔ اور ڈسٹرکٹ پریس کلب کیخلاف کی جانے والی ہر غیر قانونی کارروائی کا جواب دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے صحافی متحد ہیں اور انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا جائے گا ۔ پریس کلب کی کنٹین پریس کلب کی اراضی پر ہے اس کو گرانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دوستوں کی مشاوت سے جلد احتجاجی تحریک سمیت دیگر اقدامات کئے جائیں گے ۔ واضع رہے کہ ضلعی انتظامیہ ، میونسپل کمیٹی کے ڈسٹرکٹ پریس کلب کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن پر سخت غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے اور ضلع بھر کی صحافتی برادری انتظامیہ کےخلاف بھرپور احتجاج کی تیاری کر رہی ہے ۔