راجن پور( صبح پا کستان )عوام کی جان و مال کو محفوظ بنانا اور ان کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ محکمہ صحت، سو ل ڈیفنس ،ریسکیو 1122، لائیوسٹاک اور ریونیو کی طرف سے ریلیف کیمپ لگا دیے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ کنٹرول روم24گھنٹے کام کر رہا ہے۔ یہ باتیں ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد الطاف بلوچ نے رود کوہی کے سیلابی علاقوں پل پٹھان، چک شکاری ،محمد پور گم والا، حاجی پورشریف اور لنڈ ی سیدان کے دورہ کے دوران کہیں۔ اس موقع پر ایکسین رود کوہی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ کو ہ سلیمان درہ کاہا سلطان پر ہونے والی حالیہ بارشوں سے بننے والا سیلابی ریلا کی سطح مسلسل کم ہو رہی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام محکمے الرٹ ہیں اور امدادی کاموں میں مصروف عمل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے حکم پر بنیادی مرکزصحت فتح پور ،جہان پور اور نورپور جبکہ دیہی مرکز صحت فاضل پور اور حاجی پورمیں ریلیف کیمپ قائم کر دیا گیا ہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے دیہی مرکز صحت حاجی پور کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں دی جانے والی تمام سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سینئر میڈیکل آفیسر رورل ہیلتھ سنٹر حاجی پور کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہیں آنی چاہئے۔ ریلیف کیمپ میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف 24 گھنٹے عوام کی خدمت کے لیے موجود رہیں گے۔کسی بھی قسم کی معلومات کے لئے فلڈ کنٹرول روم کے نمبر 0604-920029پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔