ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان)۔وفاقی وزیر مملکت برائے موسمیات زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تعلیم ،ہیلتھ اور ریفارم کے منشور پر کام کررہی ہے ملک کا ہر بچہ ایک لاکھ 70ہزار روپے کا مقروض ہے۔اب ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ حکومت کا ساتھ دیکر قرض سے نجات حاصل کرنی ہے یا نئی نسل کو بھی قرض میں جھونکنا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کرے گی نہ کرنے دے گی۔انہوں نے یہ بات غازی یونیورسٹی میں جاری سپورٹس اور کلچرل گالا کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ کی غازی یونیورسٹی کے طلبہ کو بیرون ملک اعلی یونیورسٹیوں میں تعلیم کے مواقع فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان غیور ، بہادر اور ٹیلنٹڈ لوگوں کی دھرتی ہے اس نے زرتاج گل کو "دھی رانی”کا درجہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم سب بڑا بدلہ ہے علم سے فرسودہ رسوم و رواج کا خاتمہ کرنا ہے وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے کہا کہ غازی یونیورسٹی میں مزید دس انسٹی ٹیوٹ اور سکولز قائم کرنے جارہے ہیں یونیورسٹی میں ہر وہ مضمون لائیں گے جو اس خطہ کا بچہ پڑھنا چاہے گا۔نئے کیمپس کی تعمیر جلد شروع کردی جائیگی۔تقریب سے پروفیسر مقصود رضوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا طلباء و طالبات نے ملی نغمے اور خاکے پیش کئے۔سرائیکی،بلوچی،پنجابی،اور پختون رقص کے ساتھ علاقائی ڈریس شو بھی پیش کیا گیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ پروفیسر عمران لودھی سپورٹس ، پروفیسر سمیر بانو طالبات کے مقابلے اور پروفیسر مقصود رضوی ڈرامے اور خاکوں کے مقابلوں کی نگرانی کررہے ہیں۔پروفیسر شعیب رضا، پروفیسر محمد علی تارڑ اور دیگر اساتذہ،طلباء و طالبات موجود تھے .