لیہ(صبح پا کستان) ملک الٰہی بخش جوتہ ضلعی صدر ایپکا محکمہ تعلیم لیہ و رہنما ملازمین اتحاد ایپکا لیہ، ملک سیف اللہ تھوری سینئر رہنما ایپکا ملازمین اتحاد لیہ نے محکمہ بہبود آبادی مییں اے ڈی پی سکیم میں تعینات فیملی ویلفیئر اسسٹنٹ، چوکیدار، نائب قاصد، ملازمین درجہ چہارم کی تین ماہ سے رکی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کا پر زور مطالبہ کیا ہے۔ تنخواہوں کے نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین ذہنی پریشانی کا شکار ہو چکے ہیں۔ روزمرہ ضرورتوں، بچوں کے علاج معالجہ سے بھی محروم ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر بہبود آبادی محمد ہاشم ڈوگر، سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈبلیو سی اینڈ سی بی ایف پی ڈبلیو دو وقت کی روٹی کیلئے مجبور ملازمین کی رکی ہوئی تنخواہیں جاری کرنے کا حکم جاری کریں۔ ایپکا رہنماؤں نے مزید کہا کہ بہبود آبادی ضلع لیہ اے ڈی پی سکیم 2014-18 فلاحی مراکز میں پراجیکٹ پروگرام کے تحت 60ملازمین تعینات کئے گئے۔ ملازمین کی تقرری گورنمنٹ کے مقررہ قواعد کی تکمیل کرتے ہوئے این ٹی ایس ٹیسٹ کی بنیاد پر کی گئی۔ کنٹریکٹ 2018 میں اختتام پذیر ہوا تو ملازمین کے احتجاج پر ملازمتوں کو سال 2019 تک توسیع دی گئی۔ توسیع کا اعلان صوبائی وزیر تعلیم محمد ہاشم ڈوگر نے لاہور دھرنا کے موقع پر کیا مگر نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود ضلع لیہ کے کسمپرسی کا شکار ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ 3ماہ سے فیملی ویلفیئر اسسٹنٹ، چوکیدار، ملازمین درجہ چہارم دن رات ڈیوٹی سر انجام دینے کے باوجود محروم کر دئیے گئے ہیں۔ ایپکا رہنماؤں نے پنجاب کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ بہبود آبادی کے ملازمین کو تنخواہیں جاری کی جائیں۔