کراچی: جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے خواتین مارچ سے متعلق مقدمہ درج کرانے کے لیے آرٹلری میدان تھانے میں درخواست جمع کرا دی۔
عبدالرشید کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خواتین کے حقوق کے نام پر شرمناک کتبوں اور نکاح کے خلاف گفتگو پر قانونی کارروائی کی جائے ، مارچ میں خواتین کے حقوق کیلئے کوئی بات نہیں کی گئی صرف اسلامی اقدار پر تنقید کی گئی، شرمناک اور توہین آمیز پوسٹر اور وڈیو بیان سے پورے ملک میں مذہبی اشتعال انگیزی پھیلی اور مذہبی جذبات مجروح ہوئے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او آغا اسلم پٹھان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پولیس نے درخواست وصول کرلی تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ہے اور مذکورہ درخواست سے متعلق آج اعلیٰ افسران سے مشاورت کی جائیگی جس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔