پشاور . وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان میں دوبارہ کسی کی جنگ نہیں لڑیں گے ، سرحدوں کے اندر ، باہر اور افغانستان سمیت ہر جگہ امن چاہتے ہیں ۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق شمالی و جنوبی وزیر ستان کے قبائلی عمائدین کے مشترکہ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر مسلط کردہ جنگ لڑ رہاہے ، پاکستان میں دوبارہ کسی اور کی جنگ نہیں لڑیں گے ،ہم سرحدوں کے اندر ، باہر اور افغانستان سمیت ہر جگہ امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے دہشتگردوں کے خلاف کامیابیاں حاصل کی ہیں، شہیدو ں نے وطن کیلئے جانوں کانذرانہ پیش کیا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بن رہاہے ، فاٹا کے عو ام کوسہولیات دیں گے ، قبائلی علاقوں کے عوام جنگ کے دوران مشکل حالات سے گزرے ہیں، اس جنگ میں کسی نے اتنا نقصان برداشت نہیں کیا جتنا پاکستان نے کیاہے ، پاکستان میں دوربارہ کسی اور کی جنگ نہیں لڑیں گے، افغانستان میں امن کا قیام پاکستان کے مفاد میں ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے فاٹا میں یونیورسٹی ، کیڈٹ کالج بنانے ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی استعداد بڑھانے اور سابق فاٹا کے اضلاح کے لئے فلاحی پیکجز کا اعلان کیا ۔ وزیر اعظم نے کامیاب آپریشن پر پاک فوج اور انٹیلی جنس اداروں کی کامیابیوں کی تعریف کی ۔
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ شمالی وزیر ستان پہنچنے پر یادگار شہداپر حاضری دی اور پھول رکھے ، اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کو جاری آپریشنز ، سماجی اقتصادی ترقی کے منصوبوں اورپاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔