ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک )سینر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے نواز شریف کی قیادت میں ایک بار پھر مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف ہی میرے لیڈر تھے ،ہیں اور رہیں گے ’’ووٹ کو عزت دو ‘‘ کا بیانیہ مقبول ہو رہا ہے ،پہلے بھی مشکل وقت میں نواز شریف کے ساتھ کھڑا رہا اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑا رہوں گا ۔
ملتان قلعہ قاسم باغ میں مسلم لیگ ن کے بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےسنیر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں نے ووٹ کی عزت خراب کرنے والوں کیخلاف بغاوت کا پرچم اٹھایا ہے، میں ن لیگ میں شمولیت کا اعلان نہیں کروں گا، میں تو ہوں ہی مسلم لیگی، چند لمحےادھر اُدھر ہوئے تھے،آج نوازشریف کی قیادت قبول کرنے کا اعلان کرتا ہوں،نواز شریف ہی میرے لیڈر تھے،ہیں اور رہیں گے ،مجھے ان کی قابلیت پر بھرپور اعتماد ہے،پہلے بھی ہر مشکل وقت میں نواز شریف کے ساتھ کھڑا رہا اور آئندہ بھی ان کے ساتھ ساتھ کھڑا رہوں گا ۔انہوں نے کہا کہ ایسا لیڈر تاریخ نے کہیں نہیں دیکھا ،ووٹ کی جس تحریک سے پاکستان بنا تھا وہ اس کی حرمت کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں ،میں نواز شریف کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں ،ان کا ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کا بیانیہ مقبول ہو رہا ہے ،جس کی ساڑھے تین حکومتیں گرا دی گئیں وہ آج بھی عوام کے حقوق کے لئے لڑ رہا ہے ۔جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی اولاد کو وصیت کی ہے کہ مجھے مسلم لیگ کے پرچم میں دفن کریں ۔
خیال رہے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ملتان میں ہونے والے پارٹی کے جلسے میں جاوید ہاشمی کوشرکت کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کی تھی۔اس سے قبل جاوید ہاشمی ن لیگ چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو ئے تھے تاہم شدید اختلافات کے بعد انہوں نے پی ٹی آئی کو بھی خیرباد کہہ دیا تھا۔