لیہ (صبح پا کستان) ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے اس میں امن کے قیام کے لیے ہر فرد کا کردار ناگریز ہے ۔انہوں نے یہ بات بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو نعیم اللہ بھٹی ،اے ڈی سی جرنل محبوب احمد ،اے سی لیہ محمد عابد ،اے سی کروڑ محمد تنویر یزداں ،نائب تحصیل دار چوبارہ بشیر حسین خان ،ممبران کمیٹی شیخ محمد اشرف چشتی ،قاری محمد کفایت اللہ ،سید محمد ثقلین زیدی ،مختار احمد گھمن ،مسعود احمد ایڈوکیٹ،اعجاز احمد طاہر ،ظاہر جاوید باجوہ ،منور اقبال بلوچ ،محسن رضا اعظمی،بختو رام ،عارف مسیح ویگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شر پسند عناصر پاکستان کی ترقی کے خائف ہیں ہم سب اتحاد و یکجہتی کے ذریعے دشمن کے عزائم خاک میں ملادیں گے۔انہوں نے کہا ملک میں اس وقت مذہبی ہم آہنگی ہے اور کسی بھی اقلیت اورمسالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو عبادات اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی اور بھر پور سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے تاہم ہمیں اپنے ارد گرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھنی ہوگی اور امن دشمن عناصر و اُن کے آلہ کاروں کو کیفر دارتک پہنچانے کے لیے سیکورٹی اداروں سے مکمل تعاون کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا دہشت گردوں کے خلاف ہم سب کو اُٹھ کھڑا ہونا ہوگااور اس جنگ کو مردانہ وار جیتنا ہوگا ۔انہو ں نے کہاکہ شرپسند نہتے پاکستانیوں کا خون بہا کر ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔انہوں نے مزید کہا کہ علماء کرام اور اقلیتی برداری کے مذہبی پیشوا اپنے خطبوں اور مذہبی رسوما ت کے دوران امن ،محبت ،اتحاد ویکجہتی کا درس دیں تا کہ پاکستان کو عالمی امن کا علمبردار بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا تمام مذہبی عبادت گاہوں کی سیکورٹی کا مقامی بندوبست بھی کیاجائے اور تحصیل ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔