اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈِسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ یکم مئی قومی ترقی کےلئے نیک نیتی سے کام کرنے کے عہد کا دن ہے اور آجر کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ وہ مزدوروں کے حقوق کی ادائیگی یقینی بنائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے جاری کردہ خصوصی پیغام میں کیا، ممنون حسین کا کہنا تھا کہ قومی ترقی میں محنت کشوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے، اور اس دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم قومی ترقی کےلئے نیک نیتی سے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ رسول اللہ کے فرمان کے مطابق محنت کش اللہ کا دوست ہے، حدیث کے مطابق مزدور کا حق پسینہ خشک ہونے سے قبل ادا کرنا چاہئے، اسلام نے محنت کشوں کو جو حقوق دیئے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ مزدوروں کے لیے تمام حکومتی پالیسیاں اسلام کے سنہری اصول پر استوار ہیں اور حالیہ بجٹ میں محنت کشوں کے معاوضوں میں معقول اضافہ بھی کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ یکم مئی مزدوروں کا عالمی دن ہے، یہ دن منانے کا مقصد مزدوروں، محنت کشوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کو حل کرنے کےلئے آواز اٹھانا ہے۔یہ دن 1886 میں شکاگو کے مقام پر مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کےلئے ہونے والے احتجاج کا نتیجہ ہے، اس موقع پر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز اور ریلیاں منعقد ہوتی ہیں۔