ملتان ‘ لاہور ہائی کورٹ نے ملتان کی آئس فیکٹریوں سے وصول شدہ کروڑوں روپے کے ٹیکس انکے بجلی بلوں میں ایڈجسٹ کرنے کا تاریخی فیصلہ جاری کردیا ۔
طیب ، عمران اور ہجویری آئس فیکٹری نے موقف اختیار کیا تھا کہ ایف بی آر نے فیکٹریوں کو مختلف ٹیکسوں سے مستثنیٰ قرار دیا مگر میپکو بجلی کے بلوں میں یہ ٹیکس مسلسل لاگو کیے جا رہے ہیں۔ عدالتی حکم پر میپکو نے بتایا کہ وصول شدہ رقم ایف بی آر کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوچکی ہے اور اسکی واپسی یا ایڈجسمنٹ بھی کمشنر ان لینڈ ریونیو کرسکتے ہیں۔ عدالت عالیہ نے آٹھ برس میں وصول کروڑوں روپے کے ٹیکسز کو 45 روز میں ایڈجسٹ کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ ملتان کے دو ججز پر مشتمل خصوصی بینچ نے ملزم کی غیرموجودگی میں ریکارڈ کئے گئے بیان کی قانونی حیثیت بارے کیس پر وکلاء بحث کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ۔لاہور ہائیکورٹ ملتان کے دو ججز پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سزائے موت کے ملزم کی اپیل منظور کرتے ہوئے بری کر دیا ۔ ملزم احمد نے اپیل میں موقف اختیار کیا کہ پنجاب کے قبائلی علاقوں میں جاگیرداروں کا حکم چلتا ہے اور بارڈر ملٹری پولیس انکے اشاروں پر کام کرتی ہے وہ بے گناہ افراد کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کر دیتی ہے۔ اس کا غلام فرید کے ساتھ لین دین کا جھگڑا تھا اسے کسی نے قتل کر دیا مگر مجھے اس مقدمہ میں ملوث کر دیا گیا۔دریں اثنا نہروں اور سڑکوں کے ساتھ موجود درختوں کی کٹائی اور چوری کے کیس میں عدالت نے نہر کنارے درختوں کی چوری روکنے کیلئے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے سیکرٹری جنگلات پنجاب کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سات روز میں رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں ۔