کپاس کی فصل پر مختلف ضرررساں کیڑے ابتدائی نشونماء سے چنائی کے مرحلہ تک حملہ آور ہوتے ہیں جو پتوں کا رس چوس کر پتوں کو کمزوربنا دیتے ہیں جس کی وجہ سے کپاس کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوجاتی ہے سفید مکھی کپاس کے رس چوسنے والے کیڑوں میں ایک انتہائی اہم کیڑا جو کہ کپاس کے ساتھ دیگر فصلات پر بھی حملہ آور ہوتا ہے اور پتہ مروڑ وائرس کی بیماری کوپھیلانے کا موجب ہے پچھلے سال راجن پور سمیت کپاس کی کاشت کے مرکزی علاقوں میں سفید مکھی کا شدید حملہ مشاہدہ میں آیا۔ سفید مکھی کی پہچان اور مربوط طریقہ انسداد درج ذیل ہے۔
پہچان:۔ بالغ سفید مکھی کا جسم پیلا پر سفیدسفوف سے ڈھکے ہوتے ہیں۔قد 1.5سے 2ملی میٹر ہوتا ہے۔
بچے:۔ بچے بیضوی قسم کے ہوتے ہیں جن کا رنگ زرد سے سبزی مائل ہوتا ہے۔
انڈے:۔ مادہ سفید مکھی ایک ایک کرکے تقریباً 110انڈے پتوں کی نچلی سطح پر دیتی ہے۔
دوران حیات:۔
تین سے پانچ دن میں بچے انڈوں سے نکل آتے ہیں۔ بچے8 سے 14دن میں کویا بن جاتے ہیں کویا دو سے8 دن میں بالغ مکھی بن جاتی ہے اور بالغ2 سے 5 دن زندہ رہتی ہے۔سفید مکھی تقریباً 15 دن میں اپنا دوران زندگی مکمل کرلیتی ہے۔ اور1 سال میں سفید مکھی کی دس سے بارہ نسلیں مکمل ہوتی ہیں۔
میزبان پودے:۔
سفید مکھی کے میزبان پودوں کی پانچ سو سے زائد اقسام ہیں جن میں کپاس کے علاوہ سفید مکھی، سورج مکھی، گوبھی، مونگ، ٹماٹر،گھیا، کدو، جڑی بوٹیوں اور باغات کے پودوں پر بھی حملہ کرتی ہے۔
نقصان کی علامات:۔
سفید مکھی کا حملہ گرم اور خشک موسم میں زیادہ ہوتا ہے۔ بالغ اور بچے پتے کی نچلی سطح سے رس چوستے ہیں اور ایک لیس مادہ خارج کرتے ہیں جس پر پھپھوندی لگنے سے پتے سیاہ ہوجاتے ہیں۔اسطرح پودوں میں خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔پوداکمزور ہوجاتا ہے اور پتے مرجھاکر سوکھ جاتے ہیں۔
نقصان کی معاشی حد:۔ 5 بالغ یا5 بچے یا دونوں ملا کر5فی پتہ
مربوط طریقہ انسداد:۔ (IPM)
کاشتکار سفید مکھی کے انسداد کے لیے درج ذیل سفارشات پر عمل کریں۔
*سفید مکھی کے متبادل میزبان پودوں کو کپاس کے کھیتوں کے پاس کاشت نہ کریں۔
*جڑی بوٹیوں کو بروقت تلف کریں۔
*معاشی نقصان دہ حد پرہی سفید مکھی کو کنٹرول کریں اور کسی طور اس کو حد سے نہ بڑھنے دیں
*بالغ اور بچے فصل پر موجود ہوں تو سپرے کے لیے ایسی سپرے کا انتخاب کریں جو ان دونوں کے خلاف موثر ہوں۔
*پیلے چپکنے والے پھندے(Sticky Traps) استعمال کریں
*فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں
*فصل کو پانی کی کمی نہ آنے دیں۔
سفید مکھی کے موثر کنٹرول کے لیے مقامی زرعی ماہرین کے مشورے سے درج ذیل زہروں کوا ستعمال کریں:۔
بالغ مکھی کے لیے:۔ اسیٹامپرڈ 125تا150گرام ملی لیٹر فی ایکڑ
تھائیو میتھاکسم+ایبا میکٹن 400ملی لیٹر فی ایکڑ
کلوٹھیا نیڈن 150تا200ملی لیٹر فی ایکڑ
تھائیو سائیکلیم ہائیدڈروجن آگزی لیٹ+اسیٹامپرڈ 200گرام فی ایکڑ۔
میٹرین 500ملی لیٹر فی ایکڑ
سفید مکھی کے بچوں کے لیے:۔
بپروفیزن 600گرام فی ایکڑ
پائری پراکسی فن 400ملی لیٹر فی ایکڑ
سپائروٹیٹرامیٹ 125ملی لیٹر فی ایکڑ
فلونیکا مڈ 80گرام فی ایکڑ
ڈی نوٹی فیوران +سپائروٹیٹرامیٹ 250ملی لیٹر فی ایکڑ
ڈایا فیتھیوران 200ملی لیٹر فی ایکڑ۔ سفید مکھی کے بچوں اور نالغ دونوں کیلئے پائیریفلوکوئنازون(متوئی) 200 گرام فی ایکڑ۔
بہتر نتائج کے لیے موجودہ حالات میں 4یا 5دن کے وقفے سے بالغ اور بچوں دونوں کو کنٹرول کرنے والی ادویات دوبارہ سپرے کریں۔ پھپھوندی کش دوائی محلول میں لازمی شامل کریں خاص طور پر جب فصل کالی ہو رہی ہو یا سفید مکھی کے بالغ اور بچوں کا حملہ 10 فی پتہ یا اس سے زیادہ ہو۔ پندرہ دن میں ایک دفعہ لازمی پھپھوندی کش دوائی سپرے کریں۔ ادویات کے محلول کو فصل کے نچلے حصے والے پتوں پر لازمی پہنچائیں۔ پلنجری کے استعمال سے پرہیز کریں۔ فصل کو پانی کی کمی نہ دیں.