کوٹ مٹھن(صبح پا کستان) مقامی ایم پی اے سردار محمد اویس خان دریشک، چیئرمین ٹاسک فورس ڈونرز کو آرڈینیشن حکومت پنجاب نے مقامی این جی او ہیلپ فاؤنڈیشن کی جانب سے یونین کونسل رکھ کوٹ مٹھن میں سیلاب متاثرین کیلئے تعمیر کر دہ اجتماعی پناہ گاہ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ آفات سے قبل تیاری کر کے نقصانات سے بچا جاسکتا ہے،
انھوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق امسال سیلاب کا شدید خطرہ ہے تاہم حکومت پنجاب نے سیلاب زدہ اضلاع میں خطیر رقم سے فلڈ بندو ں اور پشتوں کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا ہے جس سے لاکھوں ایکڑ اراضی پر موجود فصلات اور آبادیاں محفوظ ہو گئی ہیں،انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کے مسائل کے مستقل حل کے لئے کوشاں ہے، وہ وقت دور نہیں جب حکومت کی کوششوں کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ضلع راجن پو رمیں دو لاکھ سے زائد گھرانوں کوصحت سہولت پروگرام کے تحت،صحت انصاف کارڈکی تقسیم کا کام شروع ہو گیا ہے جس کے تحت ہر مستفید گھر ساڑھے سات لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت حاصل کر ے گا،
اس موقع پر خادم شہر فرید حمزہ کمال فرید ملک، عبدالغفور فریدی، احمد بخش گوپانگ، مختیار احمد،ہیلپ فاؤنڈیشن کے صدر جمشید فرید سومرو، ممتاز خان دریشک، محمد عاشق فریدی کے علاوہ سینکڑوں علاقوں مکینوں موجود تھے