کوٹ سلطان {صبح پا کستان }کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوام کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہے، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور معاشرے میں استحکام امن میری ترجیحات میں شامل ہے۔ڈی پی او لیہ کی کوٹ سلطان میں کھلی کچہری ،شہریوں کا بھر پور خراج تحسین ۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ سید ندیم عباس کی کوٹ سلطان شہر میں کھلی کچہری،اس موقع پرڈی ایس پی صدر منور احمد بزدار ،ایس ایچ او کوٹ سلطان محمد افضل ودیگر پولیس افسران اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے ،کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے انفرادی واجتماعی مسائل پر مبنی درخواستیں پیش کی، ڈی پی او نے فرداً فرداًدرخواستوں پر سماعت کی اور پوری توجہ کے ساتھ سائلین کے مسائل سنے ،ڈی پی اونے درخواستوں پر احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد کاروائی کرکے رپورٹ پیش کریں،ڈ ی پی او نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا اور عام آدمی کے مسائل کو حل کرنا ہے تا کہ پولیس اور عوام کے مابین اعتماد کی فضا قائم کی جا سکے کیونکہ پولیس اور عوام ملکرہی مثالی معاشرہ تعمیر کر سکتے ہیں، ڈ ی پی او نے کہا کہ قانون کی بالادستی ،عوام کے جان و مال کا تحفظ اور معاشرے میں امن کا استحکام میری ترجیحا ت میں شامل ہے، عوام جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور سماجی برائیوں کے خاتمے کےلئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں ، شہریوں نے کھلی کچہری کے انعقاد کوسراہتے ہوئے اسے ڈی پی او کا احسن اقدام قرار دیا اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتار ی اور انسداد جرائم کےلئے کوٹ سلطان پولیس کی کاردگردگی کو سراہتے ہوئے اسے تسلی بخش قرار دیا۔