پشاور: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا وائرس کو شکست دے دی اور اسپتال سے گھر منتقل ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر چند روز قبل کورونا وائرس کا شکار ہونے پر اسپتال میں زیر علاج تھے ساتھ میں ان کے اہل خانہ کے دو افراد کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نکلا تھا۔
علاج ہونے کے بعد اسد قیصر کا آج پھر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جس میں ان کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ طبیعت کی بحالی پر وہ اسپتال سے اسپیکر ہاؤس منتقل ہوگئے ہیں۔ وہ اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں داخل تھے ڈسچارج ہونے کے بعد اب وہ پھر سے سرکاری امور کی انجام دہی شروع کردیں گے۔
اپنی صحت یابی کے حوالے سے ٹویٹ میں اسپیکر کا کہنا تھا کہ الحمداللہ میری کورونا وائرس کی ٹیسٹ رپورٹ منفی آگئی ہے جب کہ بچوں کی رپورٹ بھی کل تک آجائے گی، میں دعائے صحت کرنے والے تمام خیر خواہوں کا شکر گزار ہوں۔