لیہ(صبح پا کستان)کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن طاہرخورشیدکا ٹی ایچ کیولیول ہسپتال کوٹ سلطان اور ڈی ایچ کیو ہسپتال لیہ کا اچانک دورہ ۔ایمرجینسی،مختلف وارڈز کا معائنہ ،ریکارڈ کی پڑتال،مریضوں و لواحقین سے طبی سہولیات کے بارے میں گفتگو۔ڈپٹی کمشنر بابربشیر ہمراہ تھے۔تفصیل کے مطابق کمشنرڈیرہ غازیخان طاہر خورشیدنے ٹی ایچ کیولیول ہسپتال کوٹ سلطان اورڈسٹرکٹ ہیڈکوراٹرہسپتال لیہ کااچانک دورہ کیا۔جس کے دوران انہوں نے ایمرجینسی،چلڈرن اور جنرل وارڈ کا معائنہ کیا۔مریضوں سے خیریت دریافت کرتے ہوئے طبی سہولیات کی فراہمی بارے استفسار کیا۔اسی طرح کمشنر نے کوٹ سلطان ہسپتال میں دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے بیڈز مختص کرنے اور ڈینٹل یونٹ کوفنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کمشنر نے سی ٹی سکین یونٹ ،میڈیسن سٹور،ڈائلیسز یونٹ،چلڈرن وارڈ ،ایمرجینسی کا معائنہ کیااور چلڈرن وارڈ کی بہتر صفائی،معیاری طبی سہولتوں کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈویژن میں بہتر ہسپتال قرار دیا۔ایم ایس ڈاکٹر عتیق الرحمان خان،سی ای اوصحت ڈاکٹر امیرعبداللہ سامٹیہ نے طبی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی جس پر کمشنر نے ادویات کی خریداری کے لائحہ عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈیلی ویجزملازمین کے وفد نے تنخواہوں کی ادائیگی کے بارے میں درخواست دی جس پر انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت پنجاب اس سلسلہ میں جلدفیصلہ کرے گی۔کمشنر ڈی جی خان طاہرخورشید نے ڈپٹی کمشنر لیہ بابربشیر کی بھرپور توجہ سے مجموعی طورپر دونوں ہسپتالوں کے طبی عملے کی خدمات ،چلڈرن وارڈز میں بچوں کے علاج کے لیے معیاری سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کو بہتر طبی سہولیات کے لیے ڈویژن کا بہترین ہسپتال قرار دیا۔