ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان)کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن طاہر خورشید نے کہا ہے کہ تبادلے ملازمت کا حصہ ہیں۔ڈیرہ غازی خان میں تعیناتی کے دوران عوام کے اجتماعی مفاد کے لئے کام کیا۔ چیلنجز کو بروقت نمٹانے میں ٹیم نے بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر میاں محمد اقبال مظہر مہار اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سرکٹ ہاوس میں ان کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ذاتی تعلق کا سلسلہ ہمیشہ برقرار رہے گاوزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان میں98 ڈائریکٹو پرکام کیا اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے66 سمریاں تیارکیں جن میں سے بیشتر منصوبے منظور کرلئے گئے ہیں۔ڈیرہ غازی خان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان میاں محمد اقبال مظہر نے کہا کہ کمشنر طاہر خورشید نے انتظامی امور احسن طریقے سے انجام دئے ان کی کمانڈ میں کام کرتے ہوئے سیکھنے کا موقع ملا۔ڈیرہ غازیخان کے اربوں روپے کے منصوبوں کی منظوری میں کمشنر طاہر خورشید کا کلیدی کردار رہا۔ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ گریڈ اکیس کے آفیسر طاہر خورشید کی فیلڈ میں سپیڈ کا کسی سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔طاہر خورشید ٹاسک کی تکمیل میں ہر افسر تک خود رابطہ کرکے مہینوں کاکام گھنٹوں میں مکمل کرنے کا فن رکھتے ہیں ڈپٹی کمشنر راجنپور محمد الطاف بلوچ نے کہا کہ کمشنر طاہر خورشید کی زیر قیادت مشکل ٹاسک احسن طریقے سے نمٹائے۔انہوں نے طاہر خورشید کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اپنی نظم بھی سنائی۔
تقریب سے ایڈیشنل کمشنر رانا شوکت علی،ایکسئین ہمایوں مسرور اور دیگر نے بھی خطاب کیا سٹیج سیکرٹری کے فرائض مظہر علی لاشاری نے انجام دئے اس موقع پر کمشنر کو تحائف پیش کئے گئے،بلوچ لیوی کے چاق و چوبند دستے نے کمشنر طاہر خورشید کو سلامی دی۔محمد سلیم نے تلاوت کلام پاک اور قیوم سلیم نے ہدیہ نعت پیش کی۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز میاں غلام رسول،فرحان مجتبی،کمانڈنٹ بی ایم پی اعجاز خالق رزاقی،اسسٹنٹ کمشنرز ملک محمد شاہد،عبدالغفار،نوید حسین،چئیرمین ضلع کونسل سردار عبدالقادر کھوسہ،مئیر شاہد حمید چانڈیہ،پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملک محمد رفیق،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی،ایس ایز وسیماحمد باجوہ،حافظ جاوید اقبال، سی ای اوز ڈاکٹر شاہد حسین مگسی،عبدالغفار لنگاہ،انفارمیشن آفیسر محمد جنید جتوئی،ایم ایس ڈاکٹر شاہد سلیم،ایگزیکٹو انجینئرز ممتاز احمد سولنگی،محمد سلیم کے علاوہ ثنا محمد،محمد عتیق،مظہر شیرانی اور دیگرموجود تھے۔