ڈیرہ غازیخان ( صبح پا کستان ) حال ہی میں تعینات ہونے والے کمشنر ڈیرہ غازیخان مدثر ریاض ملک نے گزشتہ شب تعارفی اجلا س میں شریک ڈویژن او رڈسٹرکٹ افسران کو کھلا پیغام دیا ہے کہ ڈویژن میں بروقت اور معیاری کام نہ کرنے والے افسران کی ہرگز گنجائش نہیں . ترقیاتی و فلاحی منصوبو ں میں دقیقہ فروگزاشت کے مرتکب ملازمین کو ہر قسم کی محکمانہ و تادیبی کارروائی کا سامناکرنا پڑے گا .
انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کا یہ خطہ جغرافیائی و انتظامی لحاظ سے نہایت اہمیت کا حامل ہے لیکن اس علاقے کی حالت زار خاص طو رپر ڈیرہ غازیخان شہر کو دیکھنے کے بعد نہایت افسوس ہوتا ہے . انہوں نے مزید کہاکہ دستیاب وسائل کے باوجود کام کی رفتار
نہایت غیر تسلی بخش ہے جس سے شہری شدید مشکلات سے دو چار ہیں مدثر ریاض ملک نے واضح کیا کہ کام نہ کرنے والے اور غلطی کا ارتکاب کرنے والے افسران کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا رات گئے انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا متعلقہ محکمو ں اور انتظامیہ کے افسران نے انہیں بریفنگ دی جس پر انہوں عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کام کو مزید بہتر کرنے او رمعیار کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں .
13کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے ڈیرہ مظفرگڑھ دو رویہ قومی شاہراہ کے منصوبہ کو آئندہ چند روز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کمشنر نے ایس ای ہائی ویز کو کہاکہ وسائل کی دستیابی کامعاملہ دو دن میں حل کیا جارہاہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسے منصوبہ جات میں تساہل کا مظاہرہ نہ کیا جائے بلکہ محکمہ جات کے درمیان امو رطے کرنے کیلئے جدید و مشینری جذبہ سے کام کیا جائے
کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعلی کی خواہش کے مطابق مطابق ڈیرہ شہر کو آئیڈیل بنائیں گے شہر کو خوبصورت بنانے میں عوام انتظامیہ کا ساتھ دیں .انہوں نے یہ بات چارج سنبھالنے کے بعد مانکا کینال کادورہ کے دوران کہی . انہوں نے مانکا کینال کی صفائی اور تجاوزات کے خلاف مہم کی خود کھڑے رہ کر نگرانی کی انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی کی خصوصی ہدایت پر چار سے پانچ روز میں مانکا کینال کی صفائی کردی جائے گی اور صفائی کے بعد مانکا کینال پر زیادہ تعداد میں پودے لگائے جائیں گے
دریں اثناکمشنر ڈی جی خان مدثر ریاض ملک کی ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا انہو ں نے ٹائم سے پہلے او پی ڈی بند ہونے پر ایم ایس کی سرزنش کی انہوں نے ایمرجنسی وارڈ میں عملہ اور ادویات کا ریکارڈ چیک کیا اورایمرجنسی وارڈ کی فارمیسی میں بن کارڈ موجود نہ ہونے پر عملہ کو آخری وارننگ دی کمشنر نے اوپی ڈی بلاک کے فرش پر مٹی موجود ہونے پر صفائی کے انچارج کو معطل اور دیگر کو شوکاز نوٹسز جاری کرنے کا حکم دیا کمشنر نے فارمیسی میں ادویات کے کاونٹرز چار سے بڑھا کر آٹھ کرنے کا حکم دیا اور فارمیسی میں ادویات کو محفوظ کرنے کےلئے دو روز کے اندر ائیر کنڈیشنڈ لگانے کی ہدایت کی انہوں نے کہاکہ فارمیسی میں کرسیوں کی بجائے سٹول اور ادویات کی الماریاں بنائی جائیں ۔ کمشنر نے فارمیسی کے کاونٹر پر کھڑے ہوکر پرچی کے مطابق ادویات کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا
کمشنر نے ٹراما سنٹر،ایمرجنسی ،بچہ وارڈ سمیت دیگر شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا انہوں نے کہا کہ اوپی ڈی پرچی کے کاونٹرز بھی بڑھا ئے جائیں اورنوزائیدہ بچوں کی نرسری کو جلد نئی عمارت میں منتقل کیا جائے ۔ کمشنر نے او پی ڈی بلاک کے ڈیجیٹل ایکسرے مشین کی خرابی اور سیکورٹی معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس کو معاملات بہتر کرنے کےلئے وارننگ جاری کی