مظفرآ باد: باکسر عامر خان نے کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے باکسر عامر خان نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی، عامر خان چناری اور چکوٹھی بازار سے گزرتے ہوئے لوگوں کو ہاتھ ہلا کرسلام کرتے رہے، عالمی باکسنگ چیمپئن عامر خان نے پاک فوج اور ڈی جی آئی ایس پی آر سے خصوصی اظہار تشکر بھی کیا ہے۔
عامر خان نے چکوٹھی میں متاثرین ایل او سی سے ملاقاتیں کیں اور شہریوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا میرا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، ایل او سی اور مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت کے متعلق برطانیہ جا کرسب کو آگاہ کروں گا، امن کا پیغام لے کر ایل او سی پر آیا ہوں،امن سے ہی خطہ ترقی کرسکتا ہے۔ عامر خان نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگائے۔
باکسر عامر خان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو تشویشناک قراردیتے ہوئے کہا کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھارتی اقدامات کی مذمت کی جب کہ برطانوی ارکان پارلیمان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اہم شخصیات کو خطوط لکھے۔
باکسر عامر خان نے کہا آزاد جموں و کشمیر میں زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے، تاہم چکوٹھی سے 30 میٹر کے فاصلے پر مقبوضہ کشمیر میں حالات مخدوش ہیں، مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی اور قتل عام جاری ہے، میں چاہتا ہوں جس طرح آزاد کشمیر میں امن ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھی امن ہو، مقبوضہ کشمیر کے لوگ تنہاء نہیں، ان کا ساتھ دیتا رہوں گا۔ عامر خان نے بین الاقوامی شخصیات سے اپیل کی کہ وہ انسانیت اور امن کیلئے کشمیریوں کا ساتھ دیں۔
پاکستانی نژاد عالمی چیمپئن باکسر عامر خان کا ایل او سی کا دورہ کرنے سے قبل کہناتھا کہ کشمیریوں کی آواز بننے کیلئے لائن آف کنٹرول کا دورہ کر رہا ہوں، اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف آواز بنوں گا۔