لاہور۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واضح کر دیا ہے کہ اب سب کو صرف کام کرنا ہوگا، کسی کو معافی نہیں ملے گی، کام نہ کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن ہوگا۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہور میں صفائی، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر معاملات بہتر بنانے کے لئے کمیٹی بنا دی۔ تمام معاملات کو مانیٹر کرنا شروع کر دیا ہے۔
کرپشن کے خاتمے بارے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اوپر کی سطح پر کافی بہتری آ چکی ہے، اب نچلی سطح پر بھی بہتری آنی چاہیے۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ پوری کوشش ہو گی کہ عوام کو تبدیلی واضح نظر آئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں لاہور کے سیوریج سسٹم کیلئے بہت کم پیسے رکھے گئے تھے۔ ہم ویسٹ واٹر سے متعلق بہت بڑا منصوبہ لا رہے ہیں۔ اس بار بارشوں میں خود نکل کا صورتحال کا جائزہ لیا اور نشینی علاقوں کے وزٹ بھی کئے۔
ان کا کہنا تھا کہ صاف پانی کی فراہمی کے لئے حکومت کام کر رہی ہے۔ پورے پنجاب کے اندر صاف پانی کی سہولیت میسر آئی گی۔ پچھلے دور میں منصوبوں کو روک دیا جاتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اورنج ٹرین کا ٹیسٹ رن ہو گیا، نومبر میں اس کا افتتاح کر دیا جائے گا۔