راولپنڈی . چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں،بھارت کو ہم نے موثر جواب دے دیا ،کسی پاکستانی طیارے نے ایل او سی کی خلاف ورزی نہیں کی ،بھارت کی جانب سے مزید خلاف ورزیوں کا خدشہ ہے ۔پارلیمنٹ ہاوس میں پارلیمانی رہنماﺅں کو بریفنگ دیتے ہوئے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے پارلیمانی رہنماﺅں کو صورتحال سے آگا ہ کیا ۔اس موقع پر آرمی چیف نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے کہ بھارت وزیراعظم کی دعوت کا مثبت جواب دے گا ،وزیراعظم نے بھارت کو ایک بار پھر امن کی دعوت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کی کوشش ہے معاملات پر امن طریقے سے حل ہوں ،عالمی طاقتوں کو پاک بھارت کشیدگی پر تشویش ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جس پر مار گرا یا ،ایک بھارتی جہاز پاکستانی اور دوسرا بھارتی حدود میں گرا۔
پارلیمانی رہنماﺅں کے ان کیمرہ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے زیادہ وقت خود ہی بریفنگ دی جس کے اختتام پر انہوں نے پارلیمانی رہنماﺅں سے کوئی نقطہ واضح نہ ہونے کے حوالے سے بھی دریافت کیا ،سیاسی رہنماﺅں نے کچھ نقات پر وضاحت حاصل کی ۔آرمی چیف نے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے پر سیاسی رہنماﺅں کا شکریہ ادا کیا ۔