لاہور . کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر صوبہ پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے وائرس سے نمٹنے کیلئے ایک ارب روپے فنڈز کی منظوری دیدی گئی ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان کے زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔ پنجاب کابینہ کی جانب سے منظور فنڈز کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اقدامات میں استعمال ہوں گے۔ پہلے 26 کروڑ روپے اس مد میں مختص کیے گئے تھے۔ ادھر مختلف تکنیکی کمیٹیوں سے کرونا وائرس کیخلاف اقدامات کیلئے سفارشات بھی مانگ لی گئی ہیں۔
اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ہم نے اس وائرس سے متعلق چین کے بہترین اقدامات پر غور کیا ہے۔ پنجاب حکومت کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 5 ایئرپورٹس پر ویجیلنس بڑھا دی گئی ہے۔ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مختلف ہسپتالوں میں آئسولیشن سینٹرز قائم ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مصافحہ سے گریز، بار بار ہاتھ دھوئیں اور غیرضروری آمدورفت سے گریز کیا جائے۔
وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ مشکوک مسافر کو فوری قرنطینہ بھیجا جائے گا۔ پنجاب کے 3 ہسپتالوں میں تیاری کر لی گئی ہے۔ کرونا وائرس کے حوالے سے انتظامیہ الرٹ ہے۔ کابینہ نے میڈیکل ایمرجنسی ڈکلیئر کر دی ہے۔ شہری کرونا کو غیر سنجیدہ نہ لیں۔ حفاظتی تدابیر سے بہت بڑی روک تھام ہو سکتی ہے۔