کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں جماعت اسلامی کے تحت کشمیر یکجہتی ریلی میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا ریلی کے مخالف سمت کے یونیورسٹی روڈ کے ٹریک پر ایک موٹر سائیکل میں ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی اور اور موٹرسائیکل کے قریب موجود پانچ افراد کو منتقل کرتے دیکھا گیا۔
بعض عینی شاہدین کے مطابق مبینہ طور پر ایک کار میں سوار افراد نے یوٹرن کرتے ہوئے دھماکہ خیز چیز ریلی پر پھینکی اور نیپا چورنگی کی جانب فرار ہوگئے تاہم سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی کے مطابق تین سے چار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
جماعتِ اسلامی کے ترجمان نے دھماکے میں پانچ افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اس سلسلے میں فوری طور پر جاری ایک بیان میں امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کی دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن ریلی کے اختتام پر لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا ہے۔