ڈی آئی خان: دہشتگردوں کی پولیس چوکی پر فائرنگ اور ڈی ایچ کیو اسپتال میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 6 اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید جب کہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی ڈیرہ کوٹلہ سیدان پولیس چیک پوسٹ پر موٹر سائیکل سوار دہشت گرد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ شہید اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل جہانگیر اور کانسٹیبل انعام کے نام سے ہوئی، جہانگیر کا اعجاز آباد مریالی جب کہ انعام کاتعلق کورائی سے ہے۔
فائرنگ کے بعد شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈسٹرکٹ اسپتال لائی گئیں تو اسپتال کے ٹراما سینٹرکے گیٹ پردھماکا ہوگیا ۔ جس کے نتیجے میں مزید 4 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بڑی تعداد میں زخمیوں کے باعث کئی کو کمبائن ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ سی ایم ایچ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں 22 زخمی اور 5 لاشیں لائی گئی ہیں۔
واقعے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کی بڑی تعداد علاقے میں تعینات کردی گئی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے مزید دھماکا خیز مواد کی موجودگی کے خطرے کے پیش نظر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ٹراما سینٹر کے دروازے پر ہونے والا دھماکا خود کش ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب ذرائع نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکا خودکش تھا اور حملہ آور لڑکی تھی اور اس کی عمر کم و بیش 15 سال تھی۔