ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان) ۔ آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز نے ڈیرہ غازی خان کادورہ کیا ۔ آرپی او ڈیرہ غازیخان محمد عمر شیخ نے استقبال کیا ۔ پنجاب پولیس کے چاق وچوبند دستے نے آئی پنجاب کو سلامی پیش کی ۔ ثقافتی و فینسی ڈریس میں ملبوس ننھے بچوں نے گلدستے پیش کئے ۔ آئی جی پنجاب سے اراکین اسمبلی مشیر صحت محمد حنیف خان پتافی ۔ ایم پی اے سردار احمد علی دریشک ۔ ایم پی اے فاروق امان اللہ ۔ وفاقی وزیر مملکت زرتاج گل وزیر کے خاوند اخوند ہمایوں رضا ،انیس الرحمان،شیخ سلیم ،ملک منور ثاقب سمیت دیگر نے ملاقات کی اور پولیس سے متعلق سفارشات پیش کیں ۔ آئی جی پنجاب نے ڈویژن کے پولیس شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں مالی امداد کے چیک دیئے ۔ شہداء کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ شہداء پولیس کا فخر اور بہادر جوان پولیس کا اثاثہ ہیں صوبہ میں 1466 اور ڈیرہ غازی خان ریجن کے 63 پولیس جوان اور افسران نے علاقہ میں امن وامان کے قیام کےلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ شہداء کے لواحقین کے کسی بھی سرکاری ادارہ میں جائز مسائل بروقت حل کرائے جائیں گے ۔ ہر دفتر میں عزت و احترام دلایا جائیگا ۔ آئی جی پنجاب عارف نوازنے پولیس کے شہداء کے لواحقین اور غازیوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے ۔ آر پی او آفس میں ریجن کے ڈی پی اوز عاطف نذیر،صلاح الدین غازی ۔ ہارون الرشید اور محمد طاہر سمیت دیگر افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آئی جی نے ڈی جی خان ریجن میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر بریفنگ لی آئی جی نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں کہ پولیس کی فیملی کا ضلعی صدر ہسپتالوں میں ہر قسم کا علاج مفت ہوسکے ۔ بچوں کی اعلی نجی تعلیمی اداروں میں فیس کی پچاس فیصد رعایت دلائی جائے ۔ آئی جی پنجاب پولیس عارف نواز نے پولیس لائنز میں اردل روم بھی لگایا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تھانوں میں عوام کی عزت و تکریم کی جائے ۔ فورس میں نظم وضبط یقینی بنایا جائے ۔ کسی بھی پولیس جوان اور افسر کی قبضہ گروپ کی سرپرستی،غیر اخلاقی سرگرمی اور جرائم پیشہ عناصر سے تعلق ثابت ہونے پر سخت کارروائی کی جائیگی ۔ آئی جی پنجاب نے آر پی او محمد عمر شیخ،ڈی پی او عاطف نذیر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازیخان ریجن میں بہتر حکمت عملی اور مانیٹرنگ سے جرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عارف نواز نے کہا کہ پولیس کا امیج بہتر کرنے کے لیے خود چل کر کانسٹیبل لیول تک ملاقاتیں کرکے وارننگ دے رہا ہوں ۔ پولیس جیسے خاندان میں کالی بھیڑوں کی کوئی گنجائش نہیں انکے خلاف ایکشن لیا جائے گا ۔ آر پی او محمد عمر شیخ نے کہا کہ ریجن کے پولیس ملازمین کی بروقت ترقی کے لئے بورڈ کا اجلاس منعقد کیا جائیگا ۔ مظفر گڑھ میں لیڈیز ہاسٹل کے قیام کےلئے ہرممکن کوشش کی جائیگی ۔ قبل ازیں پولیس ملازمین نے اپنے مسائل کے بارے میں آئی جی پنجاب سے کھل کر بات کی ۔ آئی جی پنجاب عارف نواز نے ڈی جی خان کے پولیس ملازمین اور افسران کو پولیس کے امیج کو بہتر کرنے کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے کی ہدایات جاری کیں ۔ دریں اثناء آئی جی نے بہتر کارکردگی کے حامل افسران اور جوانوں کو تعریفی اسناد دیں اورڈیرہ غازی خان میں پودا بھی لگایا ۔