ڈیرہ غازی خان(صبح پا کستان ): ڈیرہ غازی خان میں نئے بوائز ڈگری کالج سمیت آٹھ نئے اور ترمیمی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے.
منصوبوں پر 75 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہوگی۔ منصوبوں کی منظوری کمشنر ساجد ظفر ڈال کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی گئی لیہ اور راجنپور کے ڈپٹی کمشنرز اظفر ضیاء،ذوالفقار علی کھرل اور متعلقہ افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و فنانس عبید الرشید،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عدیل،ایس ای بلڈنگز حافظ جاوید اقبال،ڈائریکٹر کالجز وسیم اختر،ایگزیکٹو انجینئرز عمیر لطیف،ہمایوں مسرور اور دیگر افسران اجلاس میں موجود تھے اجلاس میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ان میں چاہ نجابت والا نزد نیو ڈیفنس ویو میں 76 کنال رقبہ پربوائز ڈگری کالج تعمیر ہوگا جس پر 16 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہوں گے۔ ریسٹ ہاؤس تونسہ کے منصوبہ کی بھی منظوری دی گئی جس پر پانچ کروڑ 33 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے تحصیل کوہ سلیمان میں سیاحت کے فروغ کے منصوبہ پر دس کروڑ روپے خرچ ہوں گے جن میں فورٹ منرو اور مٹ چانڈیہ میں سفاری پارکس کی تعمیر،فورٹ منرو میں عجائب گھر کی بحالی،سخی سرور،بواٹہ،فورٹ منرو اور تونسہ کی سائیڈ پر داخلی گیٹ نصب ہوں گے۔ اسی طرح تحصیل آفس روجھان کی تعمیر کا منصوبہ بھی منظور کرلیا گیا جس پر سات کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ ھیڈ گجانی تا پل مندے والی فیز ون روڈ کی تعمیر کا ترمیمی منصوبہ سات کروڑروپے،ضلع لیہ کے حلقہ پی پی 264 میں ٹف ٹائلز، ڈرینیج،سیوریج کے ترمیمی منصوبہ پردس کروڑ روپے،مظفر گڑھ میں گل والا موضع مڈ تا موضع گجوں وائن سڑک کی مرمت کے ترمیمی منصوبہ پر پانچ کروڑ روپے اور راجنپور میں تھل جاناں تا مڈ رندان سڑک کے ترمیمی منصوبہ پر ڈیڑھ کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔کمشنر ساجد ظفر ڈال نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن بوائز ڈگری کالج نجابت والا کی اراضی کی منتقلی کا پراسس جلد مکمل کرے۔قبائلی علاقوں میں پارک سے قبل رابطہ سڑکیں تعمیر کی جائیں۔