ڈیرہ غازی خان(صبح پا کستان): سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ضلع ڈیرہ غازی خان کا دو روزہ تفصیلی دورہ کیا۔ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ خالد چوہدری،ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر توصیف طاہر،ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام نظام الدین اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔سیکرٹری لائیوسٹاک نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے سول ویٹرنری ڈسپنسری شادن لنڈ،بارتھی،تحصیل تونسہ،تحصیل کوہ سلیمان اور تحصیل ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیااورنو تعمیر شدہ سول ویٹرنری ڈسپنسری بستی بزدار اور کالو والی کا بھی دورہ کیا۔
صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا معیار چیک کیا۔سیکرٹری لائیو سٹاک نے کہا کہ ویٹرنری سروسز کی فراہمی میں کوئی بھی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کی معیاری تعمیر کو بروقت مکمل کیا جائے۔ مویشی پال حضرات تک ویٹرنری سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے سیکرٹری لائیوسٹاک نے تحصیل تونسہ سے ملحقہ قبائلی علاقہ جات میں قائم سول ویٹرنری ڈسپنسریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔