ڈیرہ غازیخان ) صبح پا کستان):ڈیرہ غازی خان کی انتظامیہ ضلع میں بدلتے موسم کے دوران ڈینگی مچھر و لاروا پر قابو پانے بارے وسیع پیمانے پر اقدامات یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے،تحصیل سطح پر ٹائروں کی تلفی کے مراکز قائم کرنے اور دکانوں کی ڈیلی جانچ پڑتال کے احکامات جاری کر دئیے گئے ،کھڑے پانی،تالابوں اور رود کوہیوں میں ڈینگی مچھر کے لاروا کھانے والی مچھلیاں بھی چھوڑی جائیں گی ۔
اس حوالے سے فیصلے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ ریسپانس کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند نے کی ۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سخاوت رندھاوا سمیت تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند نے کہا کہ عوام کو ڈینگی مچھر سے محفوظ رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے،ہم اپنے فراءض سے غافل نہیں ہیں ،منظم رابطوں کی بدولت ہم پہلے کی طرح اس مرتبہ بھی ڈینگی کو شکست دیں گے،حکومتی ہدایات کے تحت انسداد ڈینگی کے لئے شہریوں کا تعاون بہت ضروری ہے،انہوں نے کہا کہ حقائق پر مبنی ڈیٹا شئیر کیا جائے،میٹنگ میں نہ آنے والے افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے،بدلتے موسم میں ہماری ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں ،ہر محکمہ عبادت سمجھ کر اپنے فراءض نبھائے،محکمہ ماحولیات ٹائر شاپس کی انسپکش کے لئے ٹی میں متحرک کرے،کوتاہی برتنے والوں کو جرمانے کئے جائیں ۔ محکمہ فشریز تالابوں ،وسیع پیمانے پر ذخیرہ کردہ پانی میں ڈینگی لاروا کھانے والی مچھلیاں چھوڑے تاکہ ان کی افزائش کو روکا جا سکے ۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سخاوت رندھاوا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لائن ڈیپارٹمنٹس محکمہ صحت سے تعاون کریں ،بوگس سرگرمیوں سے اجتناب کیا جائے،کسی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے،ٹائروں ،کباڑ خانوں اور ائیر کولروں کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے،ماحول کو صاف ستھرا اور پینے کے پانی کو ڈھانپ کر رکھا جائے ۔ اجلاس میں تمام محکموں کی انسداد ڈینگی بارے سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا ۔