ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان) .کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن رانا گلزار احمد نے آر پی او محمد عمر شیخ اور ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی کے ہمراہ حساس پولنگ سٹیشنز اور کنٹرول رومز کا معائنہ کیا. انہوں نے پریذائیڈنگ افسران ، انتخابی عملہ اور ووٹر ز سے معلومات حاصل کیں . کمشنر نے کہاکہ ڈویژن بھر میں پولنگ کا عمل پر امن طریقے سے جاری ہے . کمشنر نے گرلز ہائی سکول نمبر 1، گرلز ہائر سکینڈری سکول سٹی ڈیرہ غازیخان او ردیگر پولنگ سٹیشنز کا معائنہ کیا . قبل ازیں ڈپٹی کمشنر آفس ڈیرہ غازیخان میں قائم ضلعی کنٹرول روم میں حساس پولنگ سٹیشنز کی خفیہ کیمروں کے ذریعے آن لائن مانیٹرنگ اور دیگر نظام کا جائزہ لیا . انہوں نے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں قائم پاک آرمی کے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور کمانڈر بریگیڈیئر فیاض خان سے ملاقات کی . انتخابات کے عمل اور امن وامان کی صورتحال سمیت دیگر امو رپر تبادلہ خیال کیا . دریں اثنا اپنے آفس میں آر پی او کے ساتھ پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہاکہ ڈویژن بھر میں15قومی اور 30صوبائی نشستوں کیلئے 4059پولنگ سٹیشنز بنائے گئے جن میں 619حساس پولنگ سٹیشنز پر افواج ، پنجاب پولیس ، بی ایم پی ، بلوچ لیوی کی فورس کے ساتھ خفیہ کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے . کنٹرول رومز میں متعلقہ محکموں کے افسران موجود ہیں . حساس پولنگ سٹیشنز پر 2128خفیہ کیمرے نصب کرنے کے ساتھ باقاعدہ ریکارڈنگ کی جا رہی ہے . ڈویژن بھر میں پاک آرمی کے دس ہزار سے زائد جوان امن وامان برقراررکھنے کیلئے فرائض انجام دے رہے ہیں کمشنر نے بتایاکہ ڈیرہ ، لیہ ، راجن پور ، مظفرگڑھ اضلاع میں انتخابی مہم سے اب تک ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدواروں اور بلدیاتی نمائندوں کو 210شوکاز نوٹسز جاری کئےگئے . 53مقدما ت کے علاوہ 14لاکھ روپے سے زائد جر مانہ وصول کیاگیا . آر پی او محمد عمر شیخ نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہو ئے بتایاکہ ضلع راجن پور کے کچہ کے علاقوں میں پولیس پکٹس قائم کرکے راجن پور او ررحیم یار خان کی پولیس کے ساتھ مل کر امن وامان بحال کیا گیا اور پہلی مرتبہ لوگ بلاخوف اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں. ضلع رحیم یار خان کی پولیس کے ساتھ قریبی رابطہ اور اچھے تعاون کی فضا برقرار ہے . دریں اثنا آر پی او محمد عمر شیخ نے قومی حلقہ 192کے صوبائی حلقہ پی پی 292کے پولنگ سٹیشن 172پر سردار محمد جمال خان لغاری اور ان کے ساتھیو ں کی طرف سے پریذائیڈنگ آفیسر اور عملہ کو ہراساں کرنے ، کار سرکار میں مداخلت پر تھانہ درخواست جمال کو مقدمہ کے اندراج سمیت دیگر قانونی کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں .