ڈیرہ غازیخان ( صبح پا کستان )صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن و ٹو رازم راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت شعبہ تعلیم کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے کوشاں ہے اس مقصد کے لئے پی ٹی آئی کی حکومت نے ماضی کی حکومتوں کے برعکس شعبہ تعلیم کے لئے خاطر خواہ فنڈز مختص کئے ہیں تاکہ تعلیمی نظام کو جدید اور تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جاسکے ۔ یہ بات انہوں نے غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین ڈیرہ غازی خان کا معائنہ کرتے ہوئے کہی ۔ صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا کہ خواتین کی تعلیم معاشرتی ترقی کے لئے نہایت ضروری ہے پڑھی لکھی خواتین آئندہ نسلوں کی جدید خطوط پر تعلیم و تربیت میں بھی مددگار ہوسکتی ہیں انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم کے بعد اپنے آپ کو گھروں میں مقید کرنے کی بجائے ان شعبوں میں خدمات انجام دینا چاہئیں جن شعبوں میں ان کی تعلیم ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج ڈیرہ غازی خان میں جدید سہولیات سے آراستہ آئی ٹی لیب قائم کی جائے گی تاکہ طالبات گلوبل ویلج سے منسلک ہو کر جدید علوم سے استفادہ کرسکیں انہوں نے کالج کی سائنس لیبارٹریز کا بھی معائنہ کیا اور لیبارٹریز کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی. انہوں نے کالج کے مسائل کا بھی جائزہ لیا ٹیچنگ سٹاف کی کمی دور کرنے سمیت دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز اور پرنسپل کالج بھی ان کے ہمراہ تھے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں تعلیم کو عام کئے بغیر ترقی ممکن نہیں اس لئے پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق شعبہ تعلیم کو خصوصی فوکس کیا ہے اور ڈیرہ غازی خان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے دورہ کا مقصد یہاں کے مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کو یقینی بنانا ہے ۔