ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان ).ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان علی اکبر بھٹی نے ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان کا دورہ کیا. انہوں نے محمد پوربس حادثہ کے زخمیوں کی عیادت کی اورہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں سمیت تمام مریضوں کے بہتر علاج معالجہ کی ہدایات جاری کیں.ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں جنرل وارڈ ، ایکسرے ، ای سی جی ، آپریشن تھیٹر ، فارمیسی اوردیگر شعبوں کے معائنہ کے دوران فراہم سہولیات کا جائزہ لیا. انہوں نے بہتر صفائی کے احکامات جاری کیے. ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ بستر کی چادریں بروقت تبدیل ہونی چاہئیں . ڈپٹی کمشنر کو بتایاگیا کہ صبح محمد پو رکے نزدیک کراچی سے اسلام آباد جانے والی بس موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئی جس میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہونے کے ساتھ بس میں سوار تین ریٹائرڈ فوجیوں کے علاوہ زخمی پانچ افراد کو ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخا ن لایا گیا جس میں ڈیرہ کا رہائشی محمد شعیب صحت یاب ہو کر گھر چلا گیااور ایبٹ آباد کے رہائشی اعجاز احمد کو نشتر ہسپتال ریفر کیاگیا. دیگر زخمیوں تلہ گنگ کے نذیر ، فیاض احمد اور حبیب الرحمن کا علاج معالجہ کیا جارہاہے . لواحقین کے ساتھ ضروری رابطہ بھی کر لیا گیاہے. اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر احمد فراز اعوان ، ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر گل حسن شاہ ، پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر حامد حیات اوردیگر موجو دتھے.