ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)حکومت پنجاب کی ہدایت پر غازی میڈیکل کالج ڈیرہ غازیخان میں تھیلیسیمیا سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر اسداللہ فیض نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی. کمشنرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے تھیلیسیمیا سے بچاو پرگرام کا آغاز کردیا ہے اورصوبہ کے اٹھارہ اضلاع میں ابتدائی طور پر تھیلیسیمیا سے بچاو پروگرام شروع ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ مریض حکومت پنجاب کی مفت سہولیات سے استفادہ کریں ۔ ہسپتالوں میں تشخیص کے ساتھ علاج معالجہ اور خون کی منتقلی سمیت ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر خلیل احمد،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد حسین مگسی، کوآرڈینیٹر ڈاکٹر حمیرا شاہین،پروفیسر حق داد درانی،پرنسپل نرسنگ سکول کلثوم بی بی،رانا سعید اور دیگر ماہرین طب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا خون کی کمی کی خطرناک بیماری ہے ۔ مریض کو مخصوص وقفہ بعد صحتمند خون کی ضرورت پڑتی ہے ڈیرہ غازی خان ڈویژن تھیلیسیمیا بیلٹ ہے ۔ پاکستان میں ہر روز سترہ اورہر سال چھ ہزار بچے تھیلیسیمیا مرض کے ساتھ پیدا ہورہے ہیں پاکستان میں ایک کروڑ بیس لاکھ افراد تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا ہیں اور ساٹھ ہزار رجسٹرڈ مریض ہیں ۔ تھیلیسیمیا سے بچاو کےلئے آگاہی اور احتیاطی تدابیر ضروری ہیں باقاعدہ علاج سے تھیلیسیمیا کے مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے تھیلیسیمیا کا مرض والدین سے بچوں کو منتقل ہوسکتا ہے شادی سے قبل تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ لازمی کرایا جائے حاملہ خواتین بھی باقاعدگی سے ٹیسٹ کرائیں خون کے ٹیسٹ کے ساتھ ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں سیمینار میں موضوع سے متعلق سوالوں کے جوابات بھی دئے گئے . اس موقع پرتھیلیسیمیا کے مریض،والدین،لواحقین،میڈیکل کالج کے اساتذہ،طلباءو طالبات موجود تھے