ڈیرہ غازیخان ( صبح پا کستان ). کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن رانا گلزار احمد نے کہا ہے کہ زندہ قومیں ماضی نہیں بھولتیں. چھ ستمبر ملک کی تاریخ کا روشن دن ہے . ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے سب کو کردارادا کرنا ہو گا . دین اسلام اخوت وبھائی چارے کا درس دیتاہے . اسوہ حسنہ ﷺ کو مشعل راہ بنا کر دین اور دنیا کی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے . انہوں نے یہ بات گرلز گائیڈ اور ادبی تنظیم آنچل کے زیراہتمام یوم دفاع اور یوم امن کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا . کمشنر نے کہاکہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے آباؤاجداد نے لازوال قربانیاں دے کر وطن عزیز پاکستان حاصل کیا. پاک فوج نے سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے جانیں قربان کیں. انہوں نے کہاکہ ملک کو اندرونی اوربیرونی خلفشار سے بچانے کیلئے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھتے ہوئے امن کے قیام کیلئے انتظامیہ کا ساتھ دینا ہو گا . کمشنر نے کہاکہ گرلز گائیڈ منظم تنظیم ہے . گرلز گائیڈ کے تربیتی سنٹر میں سہولیات کی فراہمی او رمسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کردارادا کیا جائیگا. ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے قومی یکجہتی اور اتحاد کا عملی مظاہرہ کرنا ہو گا. صدر ادبی تنظیم آنچل ڈاکٹر نجمہ شاہین کھوسہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آنچل خواتین کے حقوق اور شعور کی بیداری کیلئے کام کر رہی ہے . دکھی انسانیت کی خدمت اور ملکی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کیا جائے گا. اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر اظفر ضیاء، ریجنل سکاؤٹ آرگنائزر ملک عرفان ، گرلز گائیڈ آسیہ پروین کے علاوہ منتخب تعلیمی اداروں کی سربراہان ، اساتذہ اور گرلز گائیڈ موجود تھیں اس موقع پر گرلز گائیڈ او رطالبات نے موضوع کی مناسبت سے ملی نغمے ، ٹیبلوز او رخاکے پیش کیے. قبل ازیں کمشنر نے گرلز گائیڈ کے تربیتی سنٹر کے معائنہ کے دوران سیمینار اور شجرکاری کا افتتاح کیا . انہوں نے پودے لگائے . یوم امن کے حوالے سے فضا میں کبوتر آزاد کیے گئے کمشنر نے ملبوسات او رکتابوں کے سٹالز کا بھی معائنہ کیا . آنچل کی صدر ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ نے کمشنر کو شعری مجموعے پیش کیے