ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان): وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے تونسہ میں چڑیا گھر کی جلد تکمیل کی ہدایات جاری کردی ہیں
تعمیراتی کام کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرکے پیشرفت رپورٹ مرتب کی جائے گی ۔ منصوبہ کی تکمیل سے عوام کو معیاری تفریح میسر ہوگی ۔ منصوبہ میں غیر ضروری تاخیر پر کارروائی کا عندیہ دے دیا گیا ہے ۔ 400 کنال کے قریب رقبہ پر منی چڑیا گھر تعمیر کیا جارہا ہے منصوبے پر 12 کروڑ 42 لاکھ روپے خرچ ہوں گے اور ابتک تقریبا دس کروڑ روپے خرچ کرلئے گئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر تونسہ نوید حسین نے بتایا کہ منی چڑیا گھر کے مکمل رقبہ پر چار دیواری اور پانی کے ذخیرہ کےلئے او ایچ آر تعمیر کرلی گئی ہے ۔ آفیسرز بلاک،گریڈ ایک سے 17 کے ملازمین کے رہائشی کوارٹرز،کینٹین، ٹکٹنگ بوتھ،بندر گھر اور پرندوں کی ایوری کی فنشنگ کی جارہی ہے ۔ بیت الخلاء کے فرش کا کام جاری ہے،ہرن گھر اور دیگر پرندوں کے شیلٹر کا 90 فیصد تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ جانوروں کے انکلوژر کے گرد باڑ لگائی جا رہی ہے ۔ مطلوبہ فنڈز کی فراہمی سے منصوبہ جلد مکمل کرلیا جائیگا ۔