ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان ) ۔ ڈیرہ غازی خان کے اراکین اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس میں مشیر صحت محمد حنیف پتافی،رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اور ضلع میں تعینات متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے ۔
مشیر صحت محمد حنیف پتافی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کے مسائل کے بروقت حل کے لئے اقدامات کررہی ہے تاہم مطلوبہ مقاصد کے حصول کےلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا ۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے انہیں ضلع ڈیرہ غازیخان کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی ہے جس کے تحت کے رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء سستے داموں فراہم کرکے معاشی ریلیف دلانا ہے ۔ ضلع میں چینی کےلئے دو کروڑ 90 لاکھ روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان کیا گیا ہے اور ہر رمضان بازار میں 55 روپے فی کلو چینی مخصوص پیکٹ میں عوام کو فراہم کی جائے گی ۔ چینی سمیت سبسڈی کی اشیاء کی خریدوفروخت کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی سبزی منڈی میں پھل اور سبزیوں کی نیلامی کے عمل کو مانیٹر کریں گے ۔ دیگر افسران بھی روزانہ کی بنیاد پر نیلامی کو مانیٹرکریں ۔ شہر میں ٹف ٹائلز کی تنصیب سے قبل گلیوں اور روڈ میں سیوریج اور واٹر سپلائی لائن مرمت اور نظام ٹھیک کیا جائے ۔
رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہا کہ ماہ صیام کے دوران یتیم،بیواوں اور غریب مستحق افراد کےلئے راشن بیگز اور دیگر امداد کابندوبست کیا جائے ۔ سوشل ویلفیئر، این جی اوز کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کریں انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی امداد کا سلسلہ جاری رکھیں گی ۔ عوام کے مسائل کے حل کےلئے ایک دوسرے پر اعتماد کی فضا برقرار رکھنی ہوگی ۔ ٹیچنگ ہسپتال میں شام اور رات کے وقت ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ رمضان بازار سمیت مارکیٹ میں سرکاری نرخ پر اشیاء کی دستیابی کے لئے کام کرنا ہوگا ۔
ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ ضلع میں چار رمضان بازار وں کے علاوہ ماہ صیام میں مخیر حضرات کے تعاون سے ٹرائبل ایریا کےلئے موبائل رمضان بازار اور موبائل دسترخوان لگانے جارہے ہیں اور قبائلیوں کو ان کی دہلیز پر سبسڈی کی 19اشیاء شہر کے مساوی نرخ پر دستیاب ہوں گی جس کےلئے گاڑی کا انتظام کرلیا گیا ہے ۔ ٹرائبل ایریا کے ہر علاقے کو شیڈول کے تحت کور کیا جائیگا ۔ اراکین اسمبلی کے ساتھ ملکر بطور ٹیم کام کریں گے ۔ اجلاس میں امن وامان،گندم خریداری مہم،رمضان بازار،ترقیاتی منصوبے اور دیگر امور کا جائزہ لیاگیا