ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان ) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان علی اکبربھٹی نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت سرکاری ادارے اور این جی اوز مل کر شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنائیں گے . یہ بات انہوں نے آج اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں ضلع بھر کی این جی اوز کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی . اجلاس میں ڈی جی خان این جی اوز فو رم کے قیام کا فیصلہ کیاگیا جس کا فوکل پرسن ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ناطق حیات کو مقرر کیاگیا. اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب کے حوالے سے شہر میں آگاہی مہم چلائی جائے گی جس میں سول سوسائٹی او رتاجروں کو بھی شامل کیا جائے گا. اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب بھر میں تجاوزات کے خاتمے کی مہم جاری ہے اور اس سلسلے میں بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور شہر بھر سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے . ایم پی اے نے کہاکہ تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ شہر کی صفائی اور شجرکاری حکومت کی ترجیح ہے اور اس سلسلے میں ضلع بھر میں لاکھوں کے تعداد میں پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ صفائی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں . انہوں نے کہاکہ شہر کی صفائی میں حکومت کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں اور سول سوسائٹی کو اپنا کردارادا کرنا ہو گا. اجلاس میں ضلع کی تمام این جی اوز کے عہدیداروں نے اس ضمن میں اپنا کردارادا کرنے کی یقین دہانی کرائی اور فیصلہ کیاگیا کہ شہر میں 60سے زائد مقامات پر کوڑا دان رکھے جائیں گے او راین جی اوز شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے عمل میں معاونت کریں گی . اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران اور این جی اوز کے عہدیداروں نے شرکت کی .